چین میں پہلے ڈزنی تھیم پارک کا افتتاح

تصویر کے کاپی رائٹ AFP
Image caption شینگھائی پارک امریکی اینٹرٹینمنٹ کمپنی کا دنیا میں چھٹا اور چینی سر زمین پر پہلا پارک ہے

امریکی انٹرٹینمنٹ کمپنی ڈزنی جمعرات کو چینی سرزمین پر پہلے تھیم پارک کا افتتاح کرنے والی ہے۔

چینی شہر شینگھائی میں کھلنے والا یہ تھیم پارک تقریباً چار مربع کلو میٹر پر پھیلا ہوا ہے اور اس پر پانچ عشاریہ پانچ بلین ڈالرز کی لاگت آئی ہے۔

ڈزنی کا کہنا ہے کہ یہ اس کا اب تک کا سب سے بڑا اقدام ہے۔

اس پارک میں مقامی ثقافت کو مدنظر رکھتے ہوئے بعض جگہیں بنائی گئی ہیں۔

٭ ڈزنی کے مقابلے میں چین کا وانڈا تھیم پارک

خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق اس پارک کے افتتاح سے گھنٹوں قبل دروازے کے سامنے لوگوں کی قطاریں لگ گئی ہیں اور لوگ زمین پر بیٹھے انتظار کر رہے ہیں۔

سکیورٹی اہلکار سفید دستانے پہنے کھڑے ہیں اور مکی ماؤس کے بطور ’سٹیم بوٹ ویلی‘ بنائے گئے فوارے کے گرد سراغ رساں کتوں کی مدد سے سکیورٹی کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔ شینگھائی میں کھلنے والے تھیم پارک کا ایک ایسے وقت میں افتتاح ہو رہا ہے جب فلوریڈا میں ڈزنی کے ہی ایک ایک ریسٹورنٹ میں مگرمچھ نے ایک دو سالہ بچے کو ہلاک کر دیا ہے۔

شنگھائی ریزورٹ امریکی اینٹرٹینمنٹ کمپنی کا دنیا میں چھٹا اور چینی سر زمین پر پہلا پارک ہے۔ چین میں اس پارک کی صورت میں یہ سب سے بڑی غیر ملکی سرمایہ کاریوں میں سے ایک ہے جو کہ ایک ایسے وقت میں ہو رہی ہے جب دنیا کی دوسری بڑی معیشت کی پیداوار میں کمی ہوئی ہے۔

تصویر کے کاپی رائٹ AFP
Image caption پارک کے افتتاح سے گھنٹوں قبل دروازے کے سامنے لوگوں کی قطاریں لگ گئیں

ڈزنی کے چیئرمین اور چیف ایگزیکٹیو باب ایگر نے صحافیوں سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ’کیونکہ یہ دنیا کا سب سے بڑا بازار ہے اس لیے ہم ایک مضبوط پیغام دینا چاہتے تھے۔‘ ان کے مطابق: ’اب تک جو ہم نے بنایا ہے یہ ان میں تخلیقانہ اور تکنیکی اعتبار سے سب سے جدید ہے۔‘

ایک ریستوران کے مالک گوان سانگ اپنی چھ سالہ بیٹی اور بیوی کے ہمراہ یہاں آئے ہیں اور دروازہ کھلنے کا انتظار کر رہے ہیں۔

اس فیملی نے یہاں دو روز گزارنے کی منصبہ بندی کر رکھی ہے۔ اس دوران وہ چینی زبان میں بنائی گئی فلم ’لائن کنگ‘ بھی دیکھیں گے۔ ان کا کہنا ہےکہ ’ہم ہمیشہ سے ڈزنی پارک جانا چاہتے تھے۔ لیکن چین میں تھا ہی نہیں۔ اس کے ٹکٹ کی قیمت اتنی ہی جتنی کے دوسری جگہوں پر ہے۔‘

اسی بارے میں