آسکرز میں صنفی اور نسلی امتیاز کو کم کرنے کی کوششیں

تصویر کے کاپی رائٹ AFP
Image caption ووٹنگ کے عمل میں جن لوگوں کو حصہ لینے کے لیے کہا گيا ہے اس میں سے تقریباً نصف خواتین ہیں جن کا تعلق مختلف نسل سے ہے

آسکرز ایوارڈز کے منظمین نے اس نکتہ چینی کے بعد کہ آسکر کی تقریب میں تنوع کی کمی ہے آئندہ برس کے اکیڈمی ایوارڈز میں ووٹ ڈالنے کے لیے بڑی تعداد میں نئے لوگوں کو مدعو کیا ہے۔

تقریباً 7000 نئے افراد کو ووٹ کے لیے دعوت دی گئی ہے اور ان میں خواتین اور اقلیتی رنگ و نسل کے لوگوں پر خاص توجہ دی گئی ہے۔

ووٹنگ کے عمل میں جن لوگوں کو حصہ لینے کے لیے کہا گيا ہے اس میں سے تقریباً نصف خواتین ہیں جن کا تعلق مختلف نسل سے ہے۔

آسکر ایوارڈز کی نامزدگیوں کے لیے ترتیب دی جانے والی کمیٹی کے اراکین کا تعلق فلم انڈسٹری سے ہوتا ہے جو ہر سال اپنا حقِ رائے دہی استعمال کرکے اس بات کا فیصلہ کرتے ہیں کہ کن افراد اور فلموں کو آسکر ایوارڈز کے لیے نامزد کرنا ہے۔

گذشتہ فروری میں ہونے والے 88ویں اکیڈمی ایوارڈز میں تمام کی تمام نامزدگیاں سفید فام لوگوں کی ہوئی تھیں جس کی وجہ سے تنازع کھڑا ہوگیا تھا۔

اسی کے بعد اکیڈمی ایواڈز میں نسلی امیتیاز کے حوالے سے بحث چھڑ گئی تھی اور بہت سے لوگوں نے اس کے خلاف سوشل میڈیا پر کھل کر رائے ظاہر کی تھی اور افسوس کا اظہار کیا تھا۔

تصویر کے کاپی رائٹ Getty
Image caption جن نئے افراد کا شامل کیا گیا ہے اس میں فلم ’سٹار وار‘ کے اداکار جان بوئیگا کا نام بھی شامل ہے

اس کے بعد ہی ’دی اکیڈمی آف موشن پکچر آرٹ اینڈ سائنس‘ نے اس کے ارکان میں تبدیلی کی بات کہی تھی۔ اس سے قبل اس کے بیشتر رکن سفید فام اور مرد ہوا کرتے تھے۔

اکیڈمی نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ جن نئے افراد کا شامل کیا گیا ہے اس میں فلم ’سٹار وار‘ کے اداکار جان بوئیگا، ہیری پوٹر کی ایما واٹسن، سوئیڈن کی آسکر انعام یافتہ اداکارہ السیا وکاندرے اور موسیقار میری جے بلیج کے نام شامل ہیں۔

جن نئے افراد کو دعوت دی گئی ہے اگر وہ اس میں شامل ہوئے تو چھ ہزار سے زیادہ افراد پر مشتمل اس کے ارکان کی شبیہہ پہلے سے بدل جائےگی اور اس میں خواتین کے ساتھ ساتھ مختلف نسل کے لوگوں کی مناسب نمائندگی ہوسکے گی۔

موجودہ صورت حال میں اس میں تقریبا 75 فیصد رکن مرد ہیں۔ جبکہ اب مردوں کی رکنیت 73 فیصد رہ جائیگي۔ اسی طرح سفید فام لوگوں کی رکنیت 92 فیصد سے کم ہوکر 89 فیصد ہوجائے گي۔

اسی بارے میں