’مجھ سے شادی کروگی‘ پسندیدہ فلموں میں سے ایک: پرینکا

تصویر کے کاپی رائٹ Getty
Image caption پرینکا چوپڑہ سابق مس ورلڈ ہیں

انڈین اداکارہ پرینکا چوپڑہ نے کہا کہ سنہ 2004 میں ریلیز ہونے والی فلم ’مجھ سے شادی کروگی‘ ان کی پسندیدہ فلموں میں سے ایک ہے۔

ڈیوڈ دھون کی ہدایت میں بنی اس فلم میں ان کے ساتھ سلمان خان اور اکشے کمار ہیں۔ جبکہ ان کے والد کا کردار امریش پوری نے ادا کیا ہے۔

انھوں نے انسٹا گرام پر اس فلم کا پوسٹر پوسٹ کرتے ہوئے فلم سے متعلق تمام لوگوں کا شکریہ ادا کیا۔

انھوں نے لکھا: ’مجھ سے شادی کروگی کو 12 سال ہو چکے ہیں اور اب تک یہ میری پسندیدہ فلموں میں ہے۔ ان تمام لوگوں کا شکریہ جنھوں نے اسے پسند کیا۔ سلمان، اکشے، ڈیوڈ سر، امریش پوری اور اس میں شامل تما افراد کا شکریہ۔‘

تصویر کے کاپی رائٹ Reuters
Image caption پرینکا چوپڑہ کی ہالی وڈ فلم بے واچ آئندہ سال ریلیز ہونے والی ہے

بہر حال 34 سالہ پرینکا چوپڑہ نے اس فلم کے 12 سال گزرنے کے بعد اب تک اپنی شادی کا فیصلہ نہیں کیا ہے۔

حال ہی میں پیرس میں جاسوسی سیریز ’کوانٹیکو‘ کی دوسری سیریز کے پروموشن کے دوران جب ان سے شادی کے متعلق سوال کیا گیا تو انھوں نے کہا: ’مجھے ابھی بھی مناسب شخص کی تلاش ہے اور یہ بات اہم ہے۔‘

سابق مس ورلڈ پرینکا چوپڑہ ان دنوں ’کوانٹیکو‘ کی کے علاوہ اپنی پہلی ہالی وڈ فلم ’بے واچ‘ کی شوٹنگ میں مصروف ہیں جو کہ ستمبر میں شروع ہو رہی ہے۔

Image caption انھیں فلم کے علاوہ موسیقی سے بھی شوق ہے

اس کے علاوہ وہ اپنے موسیقی کے شوق کو بھی زندہ رکھنا چاہتی ہیں تاہم انھوں نے کہا کہ دو کریئر کو دو براعظموں پر سنبھالنا بہت مشکل ہے۔ خیال رہے کہ انھوں نے پہلی بار سنہ 2012 میں اپنا سنگل ریکارڈ کیا تھا۔

انھوں نے ریپ ڈاٹ کام کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا: ’دو کریئر کو دو براعظموں پر سنبھالنا خاطر خواہ مشکل کام ہے۔ کوانٹیکو کے درمیان میں نے ہندی فلم باجی راؤ مستانی کی شوٹنگ کی جو کہ دسمبر میں ریلیز ہوئی اور میری ہالی وڈ فلم بے واچ آئندہ سال ریلیز ہو رہی ہے۔

تصویر کے کاپی رائٹ AFP
Image caption کوانٹیکو کے لیے انھیں انعام سے نوازا جا چکا ہے

’میں نے کوانٹیکو سیزن ون کے دوران ان دونوں کے لیے شوٹنگ کی ہے اور اسی لیے ان سب کے درمیان سٹوڈیو میں جا کر موسیقی تیار کرنا بہت مشکل ہے۔‘

انھوں نے کہا کہ انھیں موسیقی سے اور موسیقار دونوں سے پیار ہے اور آئندہ وہ اس کے لیے بھی وقت نکالیں گی۔

پرینکا چوپڑہ کو ’کوانٹیکو‘ کے لیے اعزاز دیا گیا ہے وہیں ’باجی راؤ مستانی‘ کے لیے بھی انھیں بہترین معاون اداکارہ کے ایوارڈ سے نوازا جا چکا ہے۔

تصویر کے کاپی رائٹ Getty
Image caption اس فلم میں سلمان خان نے اہم کردار ادا کیا تھا

اسی بارے میں