پاکستان میں ’ہیپی بھاگ جائے گی‘ کی ریلیز رک گئی

اپ کی ڈیوائس پر پلے بیک سپورٹ دستیاب نہیں

بالی وڈ کی نئی فلم ’ہیپی بھاگ جائے گی‘ کی پاکستان میں ریلیز روک دی گئی ہے۔

اس فلم میں پاکستانی اداکار جاوید شیخ اور ان کی بیٹی مومل شیخ بھی کام کر رہے ہیں۔

پاکستان کے مرکزی سینسر بورڈ کے چیئرمین مبشر حسن نے بی بی سی کو بتایا کہ پہلے بورڈ کے چھ ارکان نے فلم دیکھی جن میں سے تین نے اسے منظور اور تین نے مسترد کیا جس کے بعد نو رکنی فُل بورڈ بیٹھا مگر اس فلم کے کچھ سین پر شدید اعتراضات اٹھائے گئے۔

انھوں نے بتایا کہ اس کے بعد وزارتِ اطلاعات اور نشریات نے سینسر بورڈ سے اس فلم کے سینسر کی کارروائی کی مکمل تفصیلات منگوا لیں جسے سینسر بورڈ نے فوری طور پر وزارتِ اطلاعات کو بھجوا دیا ہے۔

تصویر کے کاپی رائٹ raindrop
Image caption ایک ایسی لڑکی کی ہے جو شادی کے دن اپنے گھر سے بھاگ جاتی ہے اور ایک ٹرک میں چھپ جاتی ہے جو بعد میں پاکستان جاتا ہے

مبشر حسن نے مزید بتایا کہ اب اس فلم کی نمائش کے بارے میں فیصلہ وزارتِ اطلاعات کی جانب سے ہی کیا جائے گا جس پر سینسر بورڈ عمل کروائے گا۔

انھوں نے بتایا کہ اس فلم میں پاکستان کے بانی محمد علی جناح کے بارے میں بھی کچھ طنزیہ جملے ہیں جبکہ چند ایک مقامات پر پاکستان کی تضحیک کی گئی ہے۔

چیئرمین سینسر بورڈ کا کہنا تھا کہ بورڈ کے قوانین کے تحت ایسی فلم یا ایسے مناظر کو پاکستان میں نمائش کے لیے پیش نہیں کیا جا سکتا کیونکہ ان کے بقول پاکستانی عوام بھی اسے برداشت نہیں کریں گے۔

تصویر کے کاپی رائٹ Raindrop
Image caption یہ فلم جاوید شیخ کی بیٹی مومل شیخ کی پہلی فلم ہے اور وہ اس فلم سے بہت پُرامید تھیں

یاد رہے کہ اس سے پہلے بالی وڈ کی فلم ’ڈشوم‘ کو بھی سینسر بورڈ نے مسترد کر دیا تھا۔

’ہیپی بھاگ جائے گی‘ کی کہانی ایک ایسی لڑکی کی ہے جو شادی کے دن اپنے گھر سے بھاگ جاتی ہے اور ایک ٹرک میں چھپ جاتی ہے جو بعد میں پاکستان جاتا ہے اور اس طرح یہ بھی پاکستان پہنچ جاتی ہیں۔

آگے کی کہانی اس لڑکی کے پاکستان میں پیش آنے والے واقعات پر مبنی ہے جسے مزاحیہ انداز میں پیش کیا گیا ہے۔

تصویر کے کاپی رائٹ Raindrop Media
Image caption اب اس فلم کی نمائش کا فیصلہ پاکستانی وزارتِ اطلاعات کی جانب سے ہی کیا جائے گا

واضح رہے کہ یہ فلم جاوید شیخ کی بیٹی مومل شیخ کی پہلی فلم ہے اور وہ اس فلم سے بہت پُرامید تھیں۔

مومل شیخ نے کہا تھا کہ اس فلم میں وہ ایک پاکستانی لڑکی کا کردار ادا کر رہی ہیں۔

اسی بارے میں