ایک اور پاکستانی اداکارہ بالی وڈ میں

Image caption مومل شیخ معروف پاکستانی اداکار جاوید شیخ کی بیٹی ہیں

فواد خان، علی ظفر، مائرہ خان کے بعد ایک اور پاکستانی اداکارہ مومل شیخ کا نام بالی وڈ سے جڑ گیا ہے۔

پاکستان کی مومل شیخ ابھے دیول کی فلم ’ہیپی بھاگ جائے گی‘ میں نظر آ رہی ہیں۔

انڈیا میں اپنے تجربے کے بارے میں وہ کہتی ہیں: ’انڈیا آ کر کام کرنے میں بہت مزہ آیا۔ لوگ بہت اچھے ہیں۔ بہت گرمجوشی سے استقبال ہوا۔ انڈیا میں گھر جیسا محسوس ہو رہا تھا۔‘

فلم ’ہیپی بھاگ جائے گی‘ کا زیادہ تر حصہ چندی گڑھ میں فلمایا گیا ہے۔

مومل شیخ بتاتی ہیں: ’چندی گڑھ پنجاب میں ہے اور لاہور بھی پنجاب میں ہے تو کہانی کے لحاظ سے پس منظر درست تھا۔ وہاں کے لوگ بھی بہت پیارے ہیں۔‘

مومل نے بتایا کہ ابھے ديول کے ساتھ کام کرنا بہترین تجربہ رہا، اگرچہ پہلے وہ کافی ڈری ہوئی تھیں۔

تصویر کے کاپی رائٹ Raindrop Media
Image caption مومل شیخ نے فلم ہیپی بھاگ جائے گی سے بالی وڈ میں قدم رکھا ہے

بالی وڈ میں کس کے ساتھ کام کرنا چاہیں گی؟ اس سوال پر مومل کا جواب تھا: ’پہلے میں نے ایک بار اپنی خواہشات کا اظہار کیا تھا تو سب اسی پر بحث کرنے لگے۔ میں رنویر سنگھ کے ساتھ کام کرنا چاہوں گی۔‘

انھوں نے کہا: ’رنویر اچھے اداکار ہیں اور میں نے سنا ہے کہ بہت مزاحیہ بھی ہیں، میں بھی ایسی ہی ہوں۔ میرے خیال سے جب وہ سیٹ پر آتے ہیں تو ماحول خوشگوار بنا دیتے ہیں۔ ان کے ساتھ کام کا بہت اچھا تجربہ ہوگا۔‘

انڈیا اور پاکستان کے درمیان جاری کشیدہ ماحول میں انڈیا آ کر شوٹنگ کرنے کے بارے میں مومل کہتی ہیں: ’کشیدگی کہاں نہیں ہوتی؟ خاندانوں میں بھی ہوتی ہے۔ یہی تو ہمارا امتحان ہے کہ ہم اپنے تعلقات کو کتنی خوبی سے نبھاتے ہیں۔ ہم کوشش کریں کہ دقتیں پیدا نہ ہوں۔ یہ آرٹ کی دنیا اور فن سے منسلک کام ہے۔‘

تصویر کے کاپی رائٹ raindrop
Image caption ہیپی بھاگ جائے گی کا ایک منظر

مومل کہتی ہیں: ’فنکاروں کا یہی کام ہے کہ ایسے مسائل اور مشکلات سے لوگوں کو دور رکھیں۔‘

شوٹنگ کے ساتھ ساتھ مومل نے چندی گڑھ کے کھانے سے بھی لطف اندوز ہوئيں۔

مومل نے بتایا: ’یہاں آ کر میں نے بہت ساری چیزیں کھائیں، آپ کا وڑا پاؤ بہت مزیدار ہے۔ مکھن مار کے دال بھی بہت اچھی تھی۔‘

مومل پاکستانی اداکار جاوید شیخ کی بیٹی ہیں جو بہت سی بالی وڈ فلموں میں کام کر چکے ہیں۔

اسی بارے میں