’دی راک‘ سب سے زیادہ کمائی کرنے والے اداکار

تصویر کے کاپی رائٹ Getty
Image caption ڈووین جانسن اداکاری سے قبل ریسلنگ کے میدان میں بھی نام کما چکے ہیں

امریکی مالیاتی جریدے فوربز کی گذشتہ برس کے دوران سب سے زیادہ کمائی کرنے والے اداکاروں کی فہرست میں پہلا نام ڈوین جانسن کا رہا ہے۔

ماضی میں ریسلنگ کی دنیا کی مشہور شخصیت رہنے والے ڈوین ’دا راک‘ جانسن نے جون سنہ 2015 سے جون 2016 تک چھ کروڑ 45 لاکھ ڈالر کمائے۔

انھیں یہ آمدنی ’سان اینڈریئس‘ اور ’سنٹرل انٹیلیجنس‘ جیسی فلموں میں مرکزی کرداروں کی وجہ سے ہوئی۔

فوربز نے سب سے زیادہ کمانے والے اداکاروں کی تازہ فہرست رواں ہفتے جاری کی ہے۔ اس آمدن ان کی آنے والی فلموں کے لیے لیا گیا ایڈوانس بھی شامل ہے۔

اس فہرست کے مطابق جیکی چین اس فہرست میں دوسرے نمبر پر ہیں جنھوں نے پورے سال میں چھ کروڑ دس لاکھ ڈالر کمائے۔

تصویر کے کاپی رائٹ EPA
Image caption ڈیمن نے جون 2015 سے جون 2016 تک پانچ کروڑ پچاس لاکھ ڈالر کی کمائی کی

میٹ ڈیمن ہالی وڈ کے تیسرے سب سے زیادہ معاوضہ لینے والے اداکار ہیں۔ ڈیمن گذشتہ فہرست میں جگہ نہیں بنا سکے تھے تاہم اس بار انھوں نے ’جیسن بورن‘ اور ’دی مارشیئن‘ میں کام کر کے پانچ کروڑ پچاس لاکھ ڈالر کی کمائی کی۔

گذشتہ برس سب سے زیادہ کمانے والے اداکار رابرٹ ڈاؤنی جونیئر اب نویں نمبر پر ہیں ان کی کمائی تین کروڑ 30 لاکھ رہی۔

ٹام کروز پانچ کروڑ 30 لاکھ ڈالر کی کمائی کے ساتھ چوتھے نمبر پر ہیں جبکہ جانی ڈیپ کی کمائی چار کروڑ 80 لاکھ رہی اور وہ پانچویں نمبر پر ہیں۔

بالی وڈ کے دو اداکار سب سے زیادہ کمانے والے دس اداکاروں کی فہرست میں شامل ہوئے ہیں۔

ان میں سے شاہ رخ خان تین کروڑ 30 لاکھ ڈالر کے ساتھ آٹھویں جبکہ اکشے کمار تین کروڑ 15 لاکھ ڈالر کے ساتھ دسویں نمبر پر ہیں۔

اسی بارے میں