آن لائن انڈینز کو کیٹی پیری پر غصہ کیوں آیا؟

Image caption آن لائن انڈینز کو پاپ سٹار کیٹی پیری پر غصہ کیوں آیا؟

پاپ سٹار کیٹی پیری نے ہندو دیوی درگا کی ایک تصویر 'اس وقت میرا موڈ' کے عنوان سے انٹرنیٹ پر اپلوڈ کی اور دیکھتے ہی دیکھتے انڈین صارفین کے غصے کا شکار ہو گئیں۔

دیوی درگا کو عام طور پر ماں کالی کے نام سے بلایا جاتا ہے اور انہیں ہندو مذہب میں تباہی کی دیوی تصور کیا جاتا ہے۔

جس انسٹاگرام پوسٹ میں اس تصویر کو اپ لوڈ کیا گیا اس پر ایک دن میں گیارہ ہزار سے زیادہ تبصرے کیے جا چکے ہیں جن میں سے زیادہ تر انڈین صارفین کے ہیں اور ان میں نازیبا الفاظ اور بےہودہ زبان کا استعمال کیا گیا ہے۔

کئی صارفین نے کیٹی پیری سے اس تصویر کو ڈیلیٹ کرنے کو بھی کہا، تاہم کیٹی پیری نے اب تک کسی بھی کامینٹ کا جواب نہیں دیا ہے، اور نہ ہی تصویر کو ڈیلیٹ کیا ہے۔

اس طرح کی تصاویر اکثر اوقات انڈیا میں پوسٹرز اور کیلنڈروں پر نظر آتی ہیں۔

جہاں کچھ نے کیٹی پیری کا دفاع کرنے کی کوشش کی ہے، وہیں یہ بات بھی واضح ہے کہ ان کی تعداد ایسے انڈین صارفین سے بہت کم ہے جنہوں نے اپنے غصے کا اظہار کیا ہے۔

اس سے پہلے ٹینس سٹار ماریا شاراپووا کو انڈین کرکٹر سچن ٹنڈولکر کے بارے میں پتہ نہ ہونے کی وجہ سے بری طرح سے انٹرنیٹ ٹرولِنگ کا نشانہ بنایا گیا تھا۔ جبکہ ہالی وڈ ایکٹر رِچرڈ گیر کے خلاف انڈین اداکارہ شلپا شیٹی کا گال چومنے پر کیس کر دیا گیا تھا۔

اور حال ہی میں آن لائن کمپنی ایمیزان کو اس وقت معافی مانگنی پڑی جب انڈین وزیر خارجہ نے ان کے کچھ پائےدانوں پر انڈین جھنڈے کی تصویر ہونے پر کارروائی کی دھمکی دی تھی۔