اترپردیش: حادثے میں اکتالیس یاتری ہلاک

بس حادثے کی فائل فوٹو تصویر کے کاپی رائٹ Reuters
Image caption ہندوستان میں سڑک حادثے عام ہیں

ہندوستان کی ریاست اترپردیش میں پولیس کا کہنا ہے کہ بلیا ضلع میں ایک حادثے میں کم از کم اکتالیس یاتری ہلاک ہوگئے ہیں۔

حکام کے مطابق بلیا ضلع کے انبھاؤ گاؤں سے پچاس سے زیادہ افراد جنماشٹمی کے موقع پر ٹریکٹر ٹرالی سے غازی پور کے اموا گاؤں میں ستی مائی نامی بھگوان کی زیارت کے لیے جارہے تھے۔

راستے میں ٹرالی ایک چھوٹے ٹرک سے ٹکرا کر ایک گہری کھائی میں گر گئی۔

بلیا ضلع کے ایک سینیئر پولیس اہلکار رام سوروپ نے اس حادثے میں اکتالیس افراد کے ہلاک ہونے کی تصدیق کی ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ بعض افراد زخمی بھی ہیں۔

خبر رساں ایجنسی ایسوسی ایٹڈ پریس نے ایک پولیس اہلکار برج لال کے حوالے سے بتایا ہے کہ حادثے میں بارہ افراد زخمی ہوئے ہیں۔

ایجنسی کے مطابق ٹریکٹر ٹرالی پر ساٹھ سے زیادہ افراد سوار تھے۔ جن میں سے بیشتر بچے اور خواتین تھیں۔ برج لال کا کہنا ہے کہ بیشتر کی موت ڈوبنے سے ہوئی ہے۔

حادثے کے بعد پولیس نے جائے وقوع پر پہنچ کر زخمیوں کو ہسپتال پہنچایا ہے۔

بھارت میں سڑک حادثے بہت عام ہیں اور آئے دن ایسے واقعات ہوتے رہتے ہیں۔ عالمی صحت کے ادارے کے مطابق پوری دنیا میں ہندوستان میں سڑک حادثے میں سب سے زیادہ اموات ہوتی ہیں۔

اسی بارے میں