روسی طیارہ حادثے کا شکار، 43 ہلاک

تصویر کے کاپی رائٹ AP
Image caption روس میں رواں سال جولائی میں ہوائی جہاز کے ایک حادثے میں چوالیس افراد ہلاک ہو گئے تھے

روس میں طیارے کے ایک حادثے میں آئیس ہاکی لیگ کے کھلاڑیوں سمیت تینتالیس افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔

ہلاک ہونے والوں میں جہاز کے عملے کے علاوہ آئس ہاکی کے ستائیس کھلاڑی اور آئس ہاکی کلب کے نو افسران بھی شامل تھے۔

ہلاک ہونے والے کھلاڑیوں میں بعض روس سمیت یورپ کے بین الاقوامی سطح کے اعلیٰ کھلاڑی تھے۔

حادثے میں زندہ بچنے والے دو افراد میں ایک روسی کھلاڑی الیگزینڈر گلموؤ اور ایک جہاز کے عملے کا رکن ہے۔

عینی شاہدین کے مطابق طیارے کو ماسکو سے 250 کلو میٹر دور شمال مشرقی شہر یاروسلاول کے ائرپورٹ سے اڑتے ہی آگ لگ گئی۔

امدادی کارکنوں کو حادثے کے مقام کے قریب واقع دریائے وولگا سے جہاز کا کچھ ملبہ اور لاشیں ملی ہیں۔

جہاز میں لوکوموٹیو یاروسلاول ہاکی ٹیم کے کھلاڑی موجود تھے جو بیلاروس میں سیزن کا پہلا میچ کھیلنے جا رہے تھے۔

حکام کے مطابق حادثے میں آئیس ہاکی ٹیم کے کینیڈا کے کوچ سمیت متعدد غیر ملکی افراد بھی ہلاک ہوئے ہیں۔

روس سے ملنے والے بعض اطلاعات کے مطابق ایک ریڈیو ٹاور سے ٹکرانے کے نتیجے میں ہوائی جہاز کو حادثہ پیش آیا۔

ایک مقامی پولیس افسر نے بی بی سی کی روسی سروس کی کو بتایا کہ انھوں نے جہاز کو گرتے ہوئے دیکھا ہے۔

’جہاز نے ابھی تقریباً اڑان بھری ہی تھی کہ زمین پر گر کر تباہ ہو گیا اور اس سے نو منزلہ عمارت جتنے بلند شعلے بلند ہو رہے تھے۔‘

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر روسی شہری اس حادثے کو آئیس ہاکی کی تاریخ کا ایک سیاہ دن قرار دے رہے ہیں۔

واضح رہے کہ روس میں رواں سال جولائی میں ہوائی جہاز کے ایک حادثے میں چوالیس افراد ہلاک ہو گئے تھے۔

اسی بارے میں