گجرات، پولیس افسرکو ضمانت کی مشروط پیشکش

سنجیو بھٹ تصویر کے کاپی رائٹ BBC World Service
Image caption سنجیو بھٹ کہتے ہیں کہ وہ انصاف کے لیے لڑ رہے ہیں اور یہ مشکل کام ہے

گجرات کی ایک ذیلی عدالت نے منگل کوگرفتار سنیئر پولیس افسر سنجیو بھٹ کے سامنے یہ تجویز رکھی کہ اگر وہ پولیس کو اپنے لاکروں کی تلاشی لینے کی اجازت دیدیں تو انہیں ضمانت پر رہا کیا جاسکتا ہے۔

لیکن سنجیو بھٹ نے کہا کہ وہ جب تک ضرورت ہوگی جیل میں رہنے کے لیے تیار ہیں لیکن لاکروں کی تلاشی کی اجازت نہیں دیں گے کیونکہ یہ ان کے اصولوں کے خلاف ہوگا۔

سنجیو بھٹ پر الزام ہےکہ انہوں نے اپنے ایک ماتحت پولیس اہلکار سے ڈرا دھمکا کر اس حلف نامے پر دستخط کروائے تھے جس میں انہوں نے الزام لگایا ہے کہ گجرات کےفسادات کے دوران ریاست کے وزیر اعلی نریندر مودی نے پولیس کو مسلمانوں کے جان و مال کا تحفظ نہ کرنے کی ہدایت دی تھی اور یہ کہ مسٹر مودی نے یہ حکم ان کی موجودگی میں دیا تھا۔ سنجیو بھٹ نے یہ حلف نامہ سپریم کورٹ میں داخل کیا تھا۔

اس حلف نامے پر پولیس کانسٹبل کے ڈی پنت نے بھی دستخط کیے تھے لیکن بعد میں انہوں نے اپنا موقف بدل دیا اور کہا کہ انہیں دستخط کرنے پر مجبور کیا گیا تھا۔

مسٹر بھٹ کو ان کی شکایت پر جمعہ کی شام گرفتار کیا گیا تھا اور سنیچر کو عدالت نے انہیں پولیس کی تحویل میں دینے سے انکارکرتے ہوئے جیل بھیج دیا تھا۔ پولیس نے عدالت کے فیصلے کو چیلنج کیا تھا لیکن سماعت کے بعد عدالت نے اپنا فیصلہ سات اکتوبر تک کے لیےمحفوظ کر لیا ہے۔

حکومت کے مطابق اسے اس بات کی تفتیش کرنی ہے کہ اس سازش میں اور کون کون شامل تھا جس کے لیے اسے مسٹر بھٹ سے پوچھ گچھ کرنا ہوگی۔ حکومت یہ بھی معلوم کرنا چاہتی ہے کہ سنجیو بھٹ کے پاس کتنے لاکرز ہیں اور ان کے اندر کیا رکھا ہوا ہے۔

سنجیو بھٹ کا کہنا ہے کہ وہ بے قصور ہیں اور انہیں نریندر مودی کے خلاف آواز اٹھانےکی وجہ سے نشانہ بنایا جا رہا ہے۔

اپنی گرفتاری سے تین روز قبل بھی مسٹر بھٹ نےگجرات ہائی کورٹ میں ایک حلف نامہ داخل کرکے کہا تھا کہ مسٹر مودی نے ریاست کے ایک سابق وزیر داخلہ ہرین پانڈیا کے قتل سےمتعلق کیس میں بھی شواہد کو تباہ کرانے کی کوشش کی تھی۔

سنجیو بھٹ کی گرفتای کے بعد ان کی اہلیہ شویتا نے الزام لگایا تھا کہ پولیس کی تحویل میں ان کے شوہر کی زندگی کو خطرہ ہے۔ انہوں نے وفاقی وزیر داخلہ پی چدمبرم سے بھی مدد کی اپیل کی ہے۔

اسی بارے میں