’بل منظور نہ ہوا تو جیل بھرو تحریک‘

تصویر کے کاپی رائٹ AP
Image caption اس تحریک کے دوران میں خود راہول اور سونیا گاندھی کے گھر کے باہر دھرنے پر بیٹھوں گا: انا ہزارے

بھارت میں بدعنوانی کے خلاف تحریک چلانے والے سماجی کارکن انا ہزارے نے حکومت کو متنبہ کیا ہے کہ اگر پارلیمان کے موجودہ اجلاس میں ایک مضبوط لوک پال بل منظور نہیں کیا گیا تو ملک بھر میں جیل بھرو تحریک شروع کی جائے گی۔

نامہ نگار سہیل حلیم کے مطابق دلی میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انا ہزارے نے کہا کہ بل منظور نہ ہونے کی صورت میں پہلے ستائیس دسمبر سے بھوک ہڑتال شروع کی جائے گی اور پھر یکم جنوری سے جیل بھرو تحریک۔

انا ہزارے نے یہ وارننگ بھی دی ہے کہ بل کی مخالفت کرنے والے تمام اراکین پارلیمان کے گھروں کے باہر دھرنہ دیا جائے گا اور مظاہرین اس وقت تک نہیں ہٹیں گے جب تک انہیں گرفتار نہیں کیاجاتا۔

انہوں نے کہا کہ ’اس تحریک کے دوران میں خود راہول اور سونیا گاندھی کے گھر کے باہر دھرنے پر بیٹھوں گا۔‘

لیکن حکومت کی جانب سےاب بھی یہ واضح اشارے ہیں کہ موجودہ ا جلاس میں وہ صرف بل پیش کرنے پر توجہ مرکوز کر رہی ہے

پارلیمانی امور کے وزیر پون کمار بنسل نے کہا کہ بل پر اب بھی کافی اختلاف رائے ہے لیکن حکومت موجودہ اجلاس میں لوک پال بل پیش کرنے کی کوشش کر رہی ہے۔

اگست میں جب انا ہزارے کی تحریک کو بڑے پیمانے پر عوام کی تحریک ملنا شروع ہوئی تو حکومت نے ان کے مطالبات کو کافی حد تک تسلیم کرتے ہوئے وعدہ کیا تھا کہ پارلیمان کے سرمائی اجلاس میں لوک پال بل منظور کرانے کی کوشش کی جائے گی۔

لیکن بل کی کئی اہم شقوں پر حکومت اور حزب اختلاف میں اب بھی اختلافات ہیں۔

سب سے زیادہ اختلاف اس بات پر کہ وزیر اعظم اور سی بی آئی کو بل کے دائرے میں لایا جائے یا نہیں اور نچلے درجے کے سرکاری ملازمین سے متعلق شکایتیں سنٹرل ویجی لینس کمیشن کے پاس جائیں یا لوک پال کے۔

اسی ہفتے انا ہزارے دلی میں ایک دن کے دھرنے پر بیٹھے تھے جس میں بی جے پی اور بائیں بازو کی جماعتوں کے رہنما ان کے ساتھ سٹیج پر موجود تھے۔

حکومت کے سامنے اب دو ہی راستے ہیں۔ یا تو بل فوراً منظور کیا جائے یا پارلیمان کے اجلاس میں توسیع کی جائے جیسا کہ انا ہزارے مطالبہ کر رہے ہیں یا پھر بل پارلیمان میں پش کرکے کہے کہ قانون سازی کے عمل کو مکمل کرنے دیا جائے۔

لیکن فی الحال ایسا نہیں لگتا کہ سماجی کارکن بل کی منظوری سے کم کسی بات پر رضامند ہوں گے۔

اسی بارے میں