بھارت میں شدید سردی، متعدد ہلاک

Image caption زیادہ پریشانی شہر میں ان لوگوں کو ہے جو آسمان تلے رات گزارتے ہیں

شمالی ہندوستان کے بیشتر علاقوں میں آج کل شدید سردی پڑ رہی ہے اور حکام کے مطابق اب تک سردی سے کم سے کم چھبیس افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔

مقامی میڈیا کی خبروں کے مطابق سردی سے زیادہ تر ہلاکتیں ریاست اترپردیش میں ہوئي ہیں۔

آجکل شمالی ہندوستان کے بیشتر علاقوں میں شدید دھند ہوتی ہے اور دوپہر تک موسم ایسا ہی رہتا ہے۔

دھند اور سرد ہواؤں کے سبب معمول کی زندگی بھی متاثر ہوئی ہے۔ ہریانہ اور اترپردیش کے بعض شہروں میں رات کے وقت درجہ حرارت تقریباً دو ڈگری سیلسیس تک گر جاتا ہے۔

دارالحکومت دلی میں بھی درجہ حرارات معول سے کافی کم ہوگيا ہے اور دھند کے سبب کئی پروازیں متاثر ہوئی ہیں۔ شمالی علاقوں میں دھند کے سبب بہت سی ریل گاڑیاں تاخیر سے چل رہی ہیں۔

کئی ریاستی حکومتوں نے پچیس دسمبر سے پندرہ جنوری تک سکول بند کرنے کی ہدایات جاری کی ہیں۔ ہندوستان کی شمالی ریاستوں میں ہر برس سردی کی لہروں میں سینکڑوں لوگ ہلاک ہو جاتے ہیں جن میں سے زیادہ تر بے گھر اور عمر دراز لوگ شامل ہوتے ہیں۔

گزشتہ برس حکومت نے تمام ریاستی حکومتوں کو ہدایات دی تھیں کہ سردی کے موسم میں بے گھر افراد کے لیے عارضی مکانات یا کیمپ بنائے جائیں تاکہ وہ سردی سے بچ سکیں۔

شمالی بھارت میں سردی سے پنجاب، ہریانہ، اترآنچل اور اترپردیش جیسی ریاستیں سب سے زیادہ متاثر ہوتی ہیں۔

اسی بارے میں