جان ٹیری کی تصویر سگریٹ کے ڈبوں پر

تصویر کے کاپی رائٹ x

بھارت میں سگریٹ نوشی کے خلاف ایک اشتہار میں انگلینڈ کے مشہور فٹبال کھلاڑی جان ٹیری سے مشابہت رکھتی تصویر کا استعمال کیا گیا ہے۔

جان ٹیری کے ترجمان اس معاملے پر قانونی چارہ جوئی پر غور کر رہے ہیں۔

تصویر میں سر اور جسم کے اوپر کے حصے کو دھندلا کر کے استعمال کیا گیا ہے اور نیچے ’سموکنگ کلز‘ کے الفاظ لکھے گئے ہیں۔

انڈین ایکسپریس کے مطابق یہ اشتہار سگریٹ نوشی کے خلاف مہم کا حصہ ہے۔ حکومت کے ڈائریکٹریٹ آف وزیوئل پبلسٹی کا کہنا ہے کہ اس تصویر کے استعمال کرنے کی وجہ واضح نہیں ہے۔

جان ٹیری کے ترجمان نے بی بی سی کو بتایا کہ تصویر استعمال کرنے کی اجازت نہیں دی گئی تھی۔

بیان نے میں کہا گیا ہے ’ہماری توجہ اس اشتہار کی جانب مبذول کرائی گئی ہے جس میں ٹیری کی تصویر ہماری اجازت کے بغیر سگریٹ کے ڈبوں پر لگائی گئی ہے۔ اس لیے ہم نے اپنے وکلاء کو اس معاملے کی تحقیقات کرنے کے ہدایت کی ہے۔‘

انڈین ایکسپریس کے مطابق ڈائریکٹریٹ آف وزیوئل پبلسٹی کے ایڈیشنل سیکریٹری کا کہنا ہے کہ ہم نے تصویر وزارتِ صحت کو بھجوائی تھی اور ان کے اجازت دینے پر ہی شائع کی گئی ہے۔

تصویر کے کاپی رائٹ BBC World Service

ڈائریکٹریٹ کے ایک اہلکار کا کہنا تھا کہ اس تصویر کا جان ٹیری سے کوئی تعلق نہیں اور ان کی سمجھ میں نہیں آ رہا کہ اس معاملے کو کیوں اچھالا جا رہا ہے۔

انگلینڈ کی فٹبال ٹیم اور چلسی کلب کے کپتان جان ٹیری اس وقت مبینہ طور پر نسل پرست بیانات دینے کی وجہ سے قانونی مسائل میں ملوث ہیں۔ وہ ان الزامات کی سختی سے تردید کرتے ہیں۔

بھارتی حکومت نے ماضی میں بھی اشتہارات کے سلسلے میں غلطیاں کی ہیں۔

سنہ دو ہزار دس میں بھارتی اہلکاروں نے ایک اشتہار کے لیے معافی مانگی تھی جس میں پاکستانی فضائیہ کے ایک سابق سربراہ کو معروف بھارتی شہریوں کے ساتھ دکھایا گیا تھا۔

دو ہزار دس میں ہی بھارتی حکومت نے کامن ویلتھ گیمز کے سلسلے میں ایک اشتہاری مہم میں بھارتی جھنڈے کی بجائے اس سے ملتا جلتا ہی اٹلی کا جھنڈا استعمال کر لیا تھا۔

اسی سال میگھالیا ریاست کو سکولوں کی کتابوں کو تبدیل کرنا پڑا تھا جس میں حضرت عیسیٰ کو ایک سگریٹ اور بیئر کا کین پکڑے ہوئے دکھایا گیا تھا۔