دلی:’لشکرِ طیبہ کے دو شدت پسندگرفتار‘

تصویر کے کاپی رائٹ AFP
Image caption پولیس کے مطابق ابھی اس کا آپریشن جاری ہے

بھارت کے دارالحکومت دلی کی پولیس نے لشکر طیبہ کے دو ایسے شدت پسندوں کو گرفتار کرنے کا دعوی کیا ہے جو حملے کا منصوبہ بنا رہے تھے۔

پولیس کا دعوی ہے کہ گرفتار کیے گئے شدت پسند اہم شخصیات اور جگہوں کو نشانہ بنانے کی تیاری کر رہے تھے۔

اطلاعات کے مطابق ان گرفتاریوں میں مرکزی انٹیلیجنس ایجنسیوں کی طرف سے مدد لی ہے اور انہوں نے ہی سکیورٹی فورسز کو ان کی دلی آمد کے متعلق آگاہ کیا تھا۔

دلی پولیس کے ترجمان راجن بھگت نے ان گرفتاریوں کی تصدیق کی ہے لیکن انہوں نے تفصیل بتانے سے انکار کیا۔

ان کا کہنا تھا ’ابھی اس سے متعلق معلومات دینا مناسب نہیں کیونکہ اس سے متعلق مزید آپریشن ابھی جاری ہے‘۔

پولیس کا دعوی ہے کہ جن شدت پسندوں کو گرفتار کیا گیا ہے وہ دلی میں اہم شخصیات اور اہم جگہوں کو نشانہ بنانے کا ارادہ رکھتے تھے۔

اطلاعات کے مطابق ان گرفتاریوں میں ریاست جموں کشمیر اور جھارکھنڈ کی پولیس نے بھی مدد کی ہے۔

اسی بارے میں