کارکن قانون کی پابندی کریں: ملائم سنگھ

تصویر کے کاپی رائٹ AP
Image caption ابھی یہ طے ہونا باقی ہے کہ وزیراعلی ملائم ہونگے یا اکھیلیش

بھارتی ریاست اترپردیش میں ووٹوں کی گنتی کے دوران ہونے والے تشدد کے واقعات کے سلسلے میں سماجوادی پارٹی کے کارکنوں کے خلاف مقدمے درج کیے گئے ہیں۔

انتخابات کے دوران یو پی میں کئی مقام پر تشدد کے واقعات ہوئے تھے اور مبینہ طور پر اس میں سماجوادی پارٹی کے کارکن ملوث تھے۔

پارٹی کی شاندار کامیابی کے بعد اپنے آبائی گاؤں میں ملائم سنگھ یادو نے کارکنوں سے کہا کہ وہ قانون کی پاسداری کریں۔

بعض کارکنوں نے جب ان سے وزیراعظم بننے کی بات کی تو انہوں نے کہا :’ آپ قانون کی پاسداری کریں تبھی تو میں کچھ بن سکتا ہوں۔‘

اطلاعات کے مطابق منگل کے روز گنتی کے دوران جھانسی اور فیروز آباد میں ہونے والے تشدد کے واقعات میں ایس پی کے کار کن ملوث تھے اور اس کی وجہ سے پارٹی پر سخت تنقید ہو رہی ہے۔

خبر رساں ادارے پی ٹی آئی کے مطابق فیروز آباد میں پولیس اور ایس پی کے کارکنوں کے درمیان ہونے والی جھڑپوں میں جس شخص کو گولی لگي تھی اس کی ہسپتال میں موت ہوگئی ہے۔

جھانسی میں ہونے والے پرتشدد واقعات کےخلاف ایک صحافی نے ایس پی کے کارکنوں کے خلا ف شکایت درج کروائی ہے۔ انتظامیہ کا کہنا ہے کہ ذمہ دار افراد کی پہچان کر لی گئی ہے اور انہیں جلد ہی گرفتار کیا جائے گا۔

عام طور پر یہ کہا جاتا ہے کہ ملائم سنگھ کی پارٹی میں غنڈا عناصر کا اثر و رسوخ ہے اور ماضی میں ان کی حکومت کو ’غنڈا راج‘ سے تعیبیر کیا جاتا رہا ہے۔

ووٹوں کی گنتی کے بعد سے ہی ذرائع ابلاغ میں ایسی خبریں نشر ہوتی رہی ہیں کہ ایس پی نے حکومت کی تشکیل سے پہلے ہی اپنی پرانی روش اختیار کرلی ہے۔

ریاست کی وزیراعلیٰ مایا وتی نے بھی گزشتہ روز کہا تھا کہ سماجوادی پارٹی نے جیت تو حاصل کر لی ہے لیکن اس نے اپنے تیور دکھا دیے ہیں اور آنے والے وقت میں عوام کو بہت جلدی ہی ملائم سنگھ کے طرزِ حکمرانی کا احساس ہوجائےگا۔

یو پی میں سماجوادی پارٹی کو زبردست کامیابی ملی ہے اور وہ حکومت تشکیل دینے کی عمل میں ہے۔ ابھی یہ طے نہیں ہو پایا ہے کہ وزیراعلی ملائم سنگھ یادو بنیں گے یا پھر ان کے بیٹے اکھیلیش سنگھ یادو حکومت کی کمان سنبھالیں گے۔

پارٹی کا کہنا ہے کہ اس سلسلے میں حتمی فیصلہ دس مارچ کو ہونے والی میٹنگ میں کیا جائیگا۔ ابھی تک کے واضح اشارے اس بات کے ہیں کہ ملائم سنگھ ہی وزیراعلیٰ کا عہدہ سنبھالیں گے۔

اسی بارے میں