ایک دن میں پونے چھ کروڑ کا چڑھاوا

تصویر کے کاپی رائٹ BBC World Service
Image caption اس مندر کی سالانہ آمدنی سترہ ارب روپے سے زیادہ بتائی جاتی ہے

بھارت میں ایک مندر میں ایک دن میں پانچ کروڑ تہتر لاکھ بھارتی روپے کے عطیات جمع ہونے کا نیا ریکارڈ قائم ہوا ہے۔

یہ چڑھاوا آندھرا پردیش کے علاقے تروملا میں واقع تروپتی بالاجی کے مندر میں اتوار کو رام نومي کے دن چڑھا۔

خبر رساں ایجنسی پی ٹی آئی نے ذرائع کے حوالے سے خبر دی ہے کہ مندر میں اس رام نومي پر عطیہ کی جانے والی رقم گزشتہ ریکارڈ سے ڈیڑھ کروڑ روپے سے زیادہ ہے۔

مندر کے حکام کے مطابق اس ریکارڈ کی وجہ دو کروڑ روپے کا ایک عطیہ ہے جس کی وجہ سے چڑھاوے کی کل رقم اتنی زیادہ ہو گئی۔

انہوں نے بتایا کہ دو کروڑ روپے کا عطیہ دہلی کے ایک شخص نے دیا جس نے اپنا نام ظاہر نہیں کیا ہے۔

مندر کے ایک افسر بومي ریڈي شاردا نے ٹائمز آف انڈیا کو بتایا کہ ’تروملا تروپت دیوستھانم کی تاریخ میں یہ اب تک کی سب سے زیادہ عطیہ کی گئی رقم ہے‘۔

اس مندر کی سالانہ آمدنی سترہ ارب روپے سے زیادہ بتائی جاتی ہے جس میں زیادہ تر رقم عطیات کی مد میں آتی ہے۔

مندر میں پوجا کرنے کے لیے روزانہ پچاس ہزار سے ایک لاکھ یاتری آتے ہیں۔

گزشتہ اتوار، رام نومي کے دن مندر میں ستر ہزار افراد آئے اور ان کے دیے گئے چڑھاووں میں نقد رقم کے علاوہ زیورات اور سونا چاندی بھی شامل تھے۔