راجستھان میں بس حادثہ، انیس افراد ہلاک

تصویر کے کاپی رائٹ AP
Image caption عینی شاہدین نے اس منظر کو انتہائی خوفناک کہ کر بیان کیا۔

بھارتی ریاست راجھستان میں پولیس کے حکام کے مطابق جمعہ کو ایک مسافر بس کے نذرِ آتش ہونے کے نتیجے میں انیس افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔ یہ واقع اس وقت پیش آیا جب ایک مسافر بس اور ایک ٹرک کے درمیان تصادم کے نتیجے میں بس کو آگ لگ گئی تھی۔

پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ضلع جالور میں پیش آئے اس حادثے میں اکتالیس افراد زخمی ہوئے ہیں جنہیں جالور کے قریبی ہسپتالوں میں بھیج دیا گیا ہے۔ ٹیلی فون پر دی گئی اطلاعات میں پولیس حکام نے حادثے کی کوئی وجہ نہیں بتائی۔

یہ واقعہ سنچور بارمر ہائی وے پر اس وقت پیش آیا جب ایک نجی بس سنچور سے بارمر کی جانب جا رہی تھی۔ ایک مقامی رہائشی جےپرکاش کا کہنا تھا کہ جائے حادثہ کا منظر انتہائی خون آلودہ تھا۔

پولیس اور ضلعی انتظامیہ کے سینیئر حکام فوری طور پر جائے حاثہ پر امدادی کارروائی کے لیے پہنچے۔ ایک پولیس اہلکار کا کہنا تھا کہ بہت سی لاشیں اس حد تک جل چکی تھیں کہ ان کی شناخت مشکل ہوگی۔ لاشوں کو جالور ہسپتال میں رکھا گیا ہے۔

پولیس ڈپٹی سپریٹنڈنٹ راج یاوردھان سنگھ کا کہنا تھا کہ مسافرین بس کے اندر پھسے ہوئے تھے اور امدادی کارکنوں کو ان کو نکالنے میں کافی مشکلات پیش آئیں۔ پولیس کا کہنا ہے کہ زخمی ہونے والے افراد کو جالور اور سنچور کے مختلف نجی اور سرکاری ہسپتالوں میں داخل کروا دیا گیا ہے جبکہ چند مسافروں کو گجرات کے قریبی قصبے دیسائی پہنچایا گیا ہے۔

زخمیوں میں چند کی حالت نازک بتائی جا رہی ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ لاشوں کی شناخت اور انہیں لواحقین کے حوالے کا عمل شروع کر دیا گیا ہے۔

اسی بارے میں