ملائم سنگھ پر علوی کا بیان مسترد

ملائم سنگھ
Image caption ملائم سنگھ یادو کانگریس کے بیان سے ناراض ہیں

بھارت کی حکمراں جماعت کانگریس نے سماجوادی پارٹی کے رہنما ملائم سنگھ یادو سے متعلق اپنے ایک رہنما راشد علوی کے بیان کو مسترد کر دیا ہے۔

کانگریسی رہنما راشد علوی نے ملائم سنگھ یادو کو اپوزیشن جماعت بھارتیہ جنتا پارٹی کا ’ایک بڑا ایجنٹ‘ بتایا تھا۔

کانگریس پارٹی کے جنرل سیکرٹری جناردھن دویدی نے ایک بیان میں کہا ’ ہم اس بیان کو تسلیم نہیں کرتے اور کانگریس پارٹی ہمیشہ سیکولر فورسز کو متحد کرنے حق میں رہی ہے۔‘

بھارت میں آئندہ کچھ ہی دنوں میں صدارتی انتخابات ہونے والے ہیں جس کے لیے حکمراں کانگریس اور اپوزیشن بی جے پی کی جانب سے لابی کی جا رہی ہے۔

ملائم سنگھ یادو حکمراں اتحاد کے صدارتی امیدوار پرنب مکھرجی کی حمایت کا پہلے ہی اعلان کر چکے ہیں۔

مراد آباد میں ایک جلسے سے خطاب کے دوران راشد علوی نے کہا تھا ’پتہ نہیں آپ کو پسند آئے گا یا نہیں لیکن میں پچھلے دس برس سے کہتا آیا ہوں کہ اگر بی جے پی کا کوئی سب سے بڑا ایجنٹ ہے تو وہ ملائم سنگھ یادو ہیں۔‘

راشد علوی نے سماجوادی پارٹی کے رہنما پر نکتہ چینی کرتے ہوئے کہا ’اگر کوئی بی جے پی کے اشارے پر ناچتا ہے تو وہ ملائم سنگھ یادو ہیں۔‘

کانگریس پارٹی کا کہنا ہے کہ راشد علوی کا یہ بیان غیر ضروری ہے اور کانگریس پارٹی کا اس سے کوئی تعلق نہیں ہے۔

اسی بارے میں