بھارت: بس حادثے میں باون افراد ہلاک

تصویر کے کاپی رائٹ AFP

بھارت کی شمالی ریاست ہماچل پردیش میں پولیس کے مطابق ایک بس کے کھائی میں گرنے سے کم سے کم باون افراد ہلاک ہوگئے ہیں۔

مقامی حکام کے مطابق بس مسافروں سے بھری ہوئی تھی اور یہ حادثہ سنیچر کو چمبا شہر کے قریب پیش آیا۔

حادثے کے نتیجے میں بیالیس افراد شدید زخمی بھی ہوئے ہیں اور چمبا کے پولیس سربراہ کے مطابق مرنے والوں کی تعداد میں اضافہ ہوسکتا ہے۔

پولیس سربراہ راج کمار کے مطابق ڈرائیور موڑ کاٹتے ہوئے بس پر کنٹرول قائم نہ رکھ سکا جس کے بعد بس کھائی میں جا گری۔

پولیس کا کہنا ہے کہ بس میں تعداد سے زيادہ افراد سوار تھے اور بعض مسافر بس کی چھت پر بیٹھے تھے۔

خبر رساں ایجنسی اے پی نے راج کمار کے حوالے سے بتایا کہ امدادی کارروائیاں شروع کر دی گئی ہیں اور زخمیوں کو ہسپتال پہنچا دیا گیا ہے۔

بتایا جاتا ہے کہ حادثے کے وقت علاقے میں کافی بارش ہو رہی تھی۔

چمبا شہر ہماچل پردیش کے سب سے دور دراز اور دشوار گزار علاقوں میں شمار کیا جاتا ہے اور وہاں اس طرح کے حادثے اکثر ہوتے رہتے ہیں۔

ریاست میں ٹریفک کے حادثوں کی بڑھتی ہوئی تعداد کے پس منظر میں شملہ کی ہائی کورٹ نے چند ماہ قبل ہر ضلع سے اس بارے میں علیحدہ علیحدہ رپورٹ طلب کی تھی کہ ان کے علاقے میں گزشتہ دو برسوں میں کتنے حادثے ہوئے اور ان کی تفتیش میں کیا بات سامنے آئی۔

عدالت نے یہ حکم ایک شخص کی اس پٹیشن پر دیا تھا کہ ریاست میں چلنے والی تقریباً تیس فیصد بسیں بہت پرانی اور خستہ حالت میں ہیں جن کی وجہ سے حادثات بڑھ رہے ہیں۔

بی بی سی سے