بھارت:پاکستانی شہری کی سزائے موت رد

آخری وقت اشاعت:  ہفتہ 1 ستمبر 2012 ,‭ 19:35 GMT 00:35 PST

بھارت کی سپریم کورٹ نے پاکستان کے ایک شہری محمد حسین کی سزائے موت کے فیصلے کو رد کر دیا ہے اور حکم دیا ہے کہ ان کے مقدمے کی سماعت از سرِنو کی جائے۔

‏جسٹس آر ایم لودھا کی سربراہی میں عدالت عظمیٰ کے ایک تین رکنی بنچ نے محمد حسین کی سزائے موت، ملزم کی اس دلیل کی بنیاد پر رد کر دی کہ اسے ذیلی عدالت میں اپنا دفاع کرنے کا موقع نہیں دیاگیا تھا۔

محمد حسین کو سنہ انیس و ستانوے میں دلی کے پنجابی باغ میں ایک بس پر ہونے والے بم حملے کے جرم میں دلی کی ایک ذیلی عدالت نے سنہ دو ہزار چار میں موت کی سزا سنائی تھی۔

دلی ہائی کورٹ نے دو ہزار چھ میں ٹرائل کورٹ کی جانب سے سزائے موت کے اس فیصلے کی توثیق کر دی تھی۔ اس بم دھماکے میں چار افراد ہلاک اور چوبیس زخمی ہوئے تھے۔

دلی سے ہمارے نامہ نگار شکیل اختر کے مطابق محمد حسین نے موت کی سزا کے خلاف سپریم کورٹ میں اپیل کی تھی لیکن جنوری سنہ دو ہزار گیارہ میں سپریم کورٹ کے دو رکنی بنچ نے منقسم فیصلہ سنایا۔

ایک جج کا خیال تھا کہ ملزم کو ذیلی عدالت میں عینی شاہدوں سے جرح کرنے کا موقع نہیں دیا گیا لیکن دوسرے جج ان کے خیال سے متفق نہیں تھے۔

تاہم دونوں ججوں نے اس امر سے اتفاق کیا تھا کہ محمد حسین کے مقدمے کی سماعت میں ذیلی عدالت اور ہائی کورٹ دونوں نے ہی آئین اور قانوں کے بنیادی اصولوں پر پوری طرح عمل نہیں کیا۔ منقسم فیصلے کے سبب اس معاملے کوچیف جسٹس کے پاس بھیج دیا گیا تھا۔

جمعہ کو سپریم کورٹ کی تین رکنی بینچ نے اپنا فیصلہ سناتے ہوئے کہا کہ محمد حسین کو قصوروار قرار دینے کا فیصلہ رد کرنے کا پورا جواز اس بنیاد پر ہے کہ انہیں ذیلی عدالت میں اپنا دفاع کرنے کے لیے وکیل نہیں فراہم کیا گیا تھا۔

عدالت عظمیٰ نے کہا کہ ’ کسی ملزم کو منصفانہ اور غیر جانبدارانہ سماعت کے گراں قدر حق سے محروم نہیں کیا جا سکتا‘۔

عدالت نے حکم دیا ہے کہ محمد حسین کے مقدمے کی سماعت منصفانہ طریقے سے از سر نو کی جائے۔

پاکستان کے شہری محمد حسین کو بم دھماکے کے تین مہینے بعد مارچ انیس سو اٹھانوے میں گرفتار کیا گیا تھا۔ اس معاملے کے تین دیگر ملزموں کے خلاف کوئی ثبوت نہ ہونے کے سبب انہیں بری کر دیا گیا تھا۔

محمد حسین ابتدا سے یہ کہتے رہے ہیں وہ بے قصور ہیں۔

اسی بارے میں

متعلقہ عنوانات

BBC © 2014 بی بی سی دیگر سائٹوں پر شائع شدہ مواد کی ذمہ دار نہیں ہے

اس صفحہ کو بہتیرن طور پر دیکھنے کے لیے ایک نئے، اپ ٹو ڈیٹ براؤزر کا استعمال کیجیے جس میں سی ایس ایس یعنی سٹائل شیٹس کی سہولت موجود ہو۔ ویسے تو آپ اس صحفہ کو اپنے پرانے براؤزر میں بھی دیکھ سکتے ہیں مگر آپ گرافِکس کا پورا لطف نہیں اٹھا پائیں گے۔ اگر ممکن ہو تو، برائے مہربانی اپنے براؤزر کو اپ گریڈ کرنے یا سی ایس ایس استعمال کرنے کے بارے میں غور کریں۔