بی جے پی صدر نتن گٹکری کے موقف کی حامی

آخری وقت اشاعت:  منگل 23 اکتوبر 2012 ,‭ 12:16 GMT 17:16 PST
نتن گٹکری

بی جے پی صدر نتن گٹکری نے کرپشن کے الزامات سے انکار کیا ہے

بھارتیہ جنتا پارٹی کا کہنا ہے کہ وہ پارٹی صدر نتن گٹکری کے اس موقف کی حامی ہے کہ ان پر بدعنوانی کے جو الزامات لگائےگئے ہیں اس کی وہ تفتیش کے لیے تیار ہے۔

پارٹی نے بدعنوانی کے تعلق سے حکومت اور کانگریس پارٹی پر دہرا معیار اپنانے کا الزام عائد کیا ہے۔

بی جے پی نے حکمراں جماعت کانگریس پارٹی پر اس بات کے لیے سخت نکتہ چینی کی ہے کہ وہ نتن گٹکری کے خلاف تو الزامات کی تفتیش کا مطالبہ کر رہی ہے لیکن سونیا گاندھی کے داماد رابرٹ واڈرا پر کرپشن کے الزامات سے دامن چرا رہی ہے۔

پارٹی کی ترجمان نرملا سیتا رمن نے کہا کہ پارٹی کے صدر نے خود کہا ہے کہ ان پر عائد بدعنوانی کے الزامات بے بنیاد ہیں اور انہوں نے اس کی وضاحت کی ہے۔

ان کا کہنا تھا ’انہوں نے خود کہا ہے کہ وہ کسی بھی با اختیار ادارہ کے ذریعے تفتیش کے لیے تیار ہیں۔ پارٹی بھی ان کے اس موقف کی حامی ہے۔‘

لیکن انہوں نے کہا کہ بی جے پی اور کانگریس میں فرق یہ ہے کہ بی جے پی کے صدر کرپشن کی تفتیش کی بات کر رہے اور کانگریس، جس کے خلاف بدعنوانی کی طویل فہرست ہے، اس سے دامن چرا رہی ہے۔

’آپ نے دیکھا کہ کابینہ کے وزراء کھلے عام یہ کہتے پائےگئے ہیں کہ (رابرٹ واڈرا) کے خلاف تفتیش کی کوئی ضرورت نہیں ہے۔ اگر وزراء بھی اس معاملے میں پارٹی کی بنیاد پر جانبداری سے کام لیں گے تو پھر یہ کیسی بات ہوئی۔‘

"آپ نے دیکھا کہ کابینہ کے وزاء کھلے عام یہ کہتے پائےگئے ہیں کہ (رابرٹ واڈرا) کے خلاف تفتیش کی کوئی ضرورت نہیں ہے۔ اگر وزراء بھی اس معاملے میں پارٹی کی بنیاد پر جانبداری سے کام لیں گے تو پھر یہ کیسی بات ہوئی۔"

یاد رہے کہ چند روز قبل بدعنوانی کے خلاف مہم چلانے والی تنظیم ’انڈیا اگینسٹ کرپشن‘ نے بھارتی جنتا پارٹی (بی جے پی) کے صدر نتن گڈکری پر الزام لگایا تھا کہ ان کا کاروبار کسانوں کی قیمت پر پھل پھول رہا ہے۔

تنظیم کا کہنا تھا کہ ودربھہ کے کسانوں کی اڑتالیس ہیکٹر یعنی قریب ایک سو بیس ایکڑ زمین مہاراشٹر حکومت نے کسانوں کے مفادات کو نظر انداز کرتے ہوئے بی جے پی کے صدر نتن گڈکری کو سونپ دی۔

لیکن گٹکری پر الزام لگانے سے پہلے انڈیا اگینسٹ کرپشن نے سونیا گاندھی کے داماد رابرٹ واڈرا پر بھی بدعنوانی کا الزام عائد کیا تھا اور اس کی تفتیش کا مطالبہ کیا تھا۔

لیکن حکومت اور کانگریس پارٹی دونوں ہی نے تفتیش کے مطالبے کو مسترد کر دیا ہے۔

اسی بارے میں

متعلقہ عنوانات

BBC © 2014 بی بی سی دیگر سائٹوں پر شائع شدہ مواد کی ذمہ دار نہیں ہے

اس صفحہ کو بہتیرن طور پر دیکھنے کے لیے ایک نئے، اپ ٹو ڈیٹ براؤزر کا استعمال کیجیے جس میں سی ایس ایس یعنی سٹائل شیٹس کی سہولت موجود ہو۔ ویسے تو آپ اس صحفہ کو اپنے پرانے براؤزر میں بھی دیکھ سکتے ہیں مگر آپ گرافِکس کا پورا لطف نہیں اٹھا پائیں گے۔ اگر ممکن ہو تو، برائے مہربانی اپنے براؤزر کو اپ گریڈ کرنے یا سی ایس ایس استعمال کرنے کے بارے میں غور کریں۔