دنیا کا بلندترین پولنگ سٹیشن

آخری وقت اشاعت:  ہفتہ 3 نومبر 2012 ,‭ 09:36 GMT 14:36 PST

پندرہ ہزار فٹ بلند اس پولنگ سٹیشن میں تین سو چھبیس افراد ووٹ ڈالیں گے۔

بھارتی ریاست ہماچل پردیش میں دنیا کا بلند ترین پولنگ سٹیشن اتوار کے روز ہونے والے ریاستی انتخابات کی تیاری کر رہا ہے۔

یہ سٹیشن سلسلہ ہائے کوہ ہمالیہ میں سمندر کی سطح سے پندرہ ہزار فٹ کی بلندی پر واقع ہے، اور اسے بھارتی الیکشن کمیشن نے دنیا کا بلند ترین پولنگ سٹیشن قرار دیا ہے۔

تین گاؤوں کے ووٹر ہکم نامی اس پولنگ سٹیشن میں ووٹ ڈالیں گے۔ ووٹروں کی اکثریت کا تعلق بدھ مذہب سے ہے۔

تبت کی سرحد کے قریب واقع لہول اور سپتی ضلعوں کے ایک اعلیٰ عہدے دار ایس ایس گلیریا نے بتایا کہ ہکم پولنگ سٹیشن پر کومک، لنگچی، اور ہکم گاؤوں کے تین سو چھبیس افراد اپنا حقِ رائے دہی استعمال کریں گے۔

یہ پولنگ سٹیشن ایک پہاڑی کی چوٹی پر واقع بدھ خانقاہ کے قریب قائم کیا گیا ہے۔

علاقے کے باسیوں کا کہنا ہے کہ یہاں درجۂ حرارت پہلے ہی منفی پانچ درجے تک گر چکا ہے۔پہاڑی درے برف سے ڈھک جانے کی وجہ سے یہ علاقہ سال کے چھ مہینے باقی دنیا سے کٹا رہتا ہے۔

تینوں گاؤوں میں ٹیلی فون نہیں ہے، البتہ یہاں ایک سکول اور ڈاک خانہ ضرور موجود ہیں۔ریاستی حکومت نے حال ہی میں ان علاقے میں ایک بل کھاتی ہوئی سڑک تعمیر کی ہے۔

ایس ایس گلیریا نے بتایا کہ انتخاباتی ٹیم جدید مواصلاتی نظام سے لیس ہے، اور وہ اتوار کو پولنگ کے لیے سیٹلائٹ فون استعمال کریں گے۔

مقامیوں کا کہنا ہے کہ اگرچہ ان کے پاس کوئی امیدوار ووٹ مانگنے نہیں آیا لیکن وہ پھر بھی کل ہونے والی ووٹنگ کا سوچ کر خوش ہو رہے ہیں۔

اسی بارے میں

متعلقہ عنوانات

BBC © 2014 بی بی سی دیگر سائٹوں پر شائع شدہ مواد کی ذمہ دار نہیں ہے

اس صفحہ کو بہتیرن طور پر دیکھنے کے لیے ایک نئے، اپ ٹو ڈیٹ براؤزر کا استعمال کیجیے جس میں سی ایس ایس یعنی سٹائل شیٹس کی سہولت موجود ہو۔ ویسے تو آپ اس صحفہ کو اپنے پرانے براؤزر میں بھی دیکھ سکتے ہیں مگر آپ گرافِکس کا پورا لطف نہیں اٹھا پائیں گے۔ اگر ممکن ہو تو، برائے مہربانی اپنے براؤزر کو اپ گریڈ کرنے یا سی ایس ایس استعمال کرنے کے بارے میں غور کریں۔