نوئیڈہ ریپ کیس: چار پولیس اہلکار معطل

آخری وقت اشاعت:  پير 7 جنوری 2013 ,‭ 08:14 GMT 13:14 PST
ریپ معاملات کے خلاف احتجاج کی ایک فوٹو

دلی میں حال ہی میں ایک اجتماعی جنسی زیادتی کا معاملہ سامنے آیا تھا جس پر احتجاج اب تک جاری ہے۔

دلی کے نواحی علاقے نوئیڈہ میں ایک اکیس سالہ لڑکی کے ساتھ اجتماعی زیادتی کے کیس کے حوالے سے چار پولیس اہلکاروں کو معطل جبکہ ایک کا تبادلہ کر دیا گیا ہے۔

بھارتی ذرائع ابلاغ کے مطابق متاثرہ لڑکی جمعہ کی رات کو اپنے کام سے گھر واپسی کے وقت لاپتہ ہوگئی تھی۔

متاثرہ خاتون کے والد کا کہنا ہے کہ جب انہوں نے اپنی بیٹی کی گمشدگی کی رپورٹ پولیس تھانے میں درج کرائی تو شروع میں پولیس نے یہ کہہ کر کاروائی کرنے سے انکار کر دیا کہ وہ کسی کے ساتھ چلی گئی ہوگی۔

اجتماعی جنسی زیادتی کے اس معاملے کے سامنے آنے پر دلی کے نواحی شہر نوئیڈہ میں احتجاج شروع ہوگئے ہیں۔

واضح رہے کہ اس سے قبل سولہ دسمبر کو جنوبی دلی میں ایک تیئس سالہ طالبہ کے ساتھ چلتی بس میں اجتماعی جنسی زیادتی ہوئی تھی اور بعد میں اسے علاج کے لیے سنگاپور کے ہسپتال روانہ کیا گیا تھا جہاں وہ زخموں کی تاب نہ لاکر چل بسی تھیں۔

اس واقعہ کے بعد اس لڑکی کی حمایت میں ہزاروں لوگ سڑکوں پر نکل آئے اور ملک بھر میں زبردست مظاہرے ہوئے جو ابھی تک کسی نہ کسی شکل میں جاری ہیں۔

اجتماعی جنسی زیادتی کے اس معاملے کے بعد ہونے والے زبردست احتجاج کے بعد حکومت نے اس معاملے کی سماعت کے لیے فاسٹ ٹریک عدالت کا قیام کیا ہے جس میں پیر کو معاملے کے ملزمان کو پیش کیا جانا ہے۔

سنیچر کو جنسی زیادتی کے پانچ ملزمان کے خلاف ایک عدالت میں فرد جرم عائد کی گئی تھی جس میں وکیل استغاثہ نے ڈی این اے کی جانچ کی رپورٹ پیش کرتے ہوئے کہا تھا کہ اس میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ ملزمان کے کپڑوں پر لگے خون کے نشانات اسی لڑکی کے خون کے ہیں۔

سرکاری وکیل کا کہنا ہے کہ ملزمان کے خلاف پختہ فورنسک شواہد ہیں اور ملزمان کے خلاف اگر الزام صحیح ثابت ہوتے ہیں تو انہیں موت کی سزا ہوسکتی ہے۔

اسی بارے میں

متعلقہ عنوانات

BBC © 2014 بی بی سی دیگر سائٹوں پر شائع شدہ مواد کی ذمہ دار نہیں ہے

اس صفحہ کو بہتیرن طور پر دیکھنے کے لیے ایک نئے، اپ ٹو ڈیٹ براؤزر کا استعمال کیجیے جس میں سی ایس ایس یعنی سٹائل شیٹس کی سہولت موجود ہو۔ ویسے تو آپ اس صحفہ کو اپنے پرانے براؤزر میں بھی دیکھ سکتے ہیں مگر آپ گرافِکس کا پورا لطف نہیں اٹھا پائیں گے۔ اگر ممکن ہو تو، برائے مہربانی اپنے براؤزر کو اپ گریڈ کرنے یا سی ایس ایس استعمال کرنے کے بارے میں غور کریں۔