مدھیہ پردیش میں سوئس سیاح سےگینگ ریپ

آخری وقت اشاعت:  ہفتہ 16 مارچ 2013 ,‭ 09:19 GMT 14:19 PST
ممبئی پولیس

بھارت میں گزشتہ کچھ عرصے سے ریپ اور خواتین کے خلاف تشدد پر آواز اٹھتی رہی ہے

بھارتی ریاست مدھیہ پردیش میں پولیس کا کہنا ہے کہ سوئٹزر لینڈ سے تعلق رکھنے والی ایک خاتون سیاح کے ساتھ اجتماعی جنسی زيادتی کی گئی ہے۔

یہ واقعہ ضلع دتیہ میں ہوا ہے جہاں پولیس نے گینگ ریپ کے الزام میں آٹھ افراد کو حراست میں لیا ہے۔

ضلع دتیہ کے ایس پی سی ایس سولنکی نے خبر رساں ادارہ پی ٹی آئی کو بتایا ہے کہ یہ واقعہ جمعہ کو رات گئے پیش آیا۔

سولنکی کا کہنا تھا کہ متاثرہ خاتون اپنے شوہر کے ساتھ تھیں جو بھارت سیاحت کی غرض سے سائیکل پر سوار ہو کر ملک کا دورہ کر رہے تھے اور رات کو جب یہ واقعہ پیش آيا تو وہ ایک گاؤں کی سیر کر رہے تھے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ دونوں میاں بیوی اوچھا کے مندروں سے واپس ہوکر آگرہ کی طرف رواں تھے جنہیں راستے میں پہلے لوٹا گیا پھر خاتون کے ساتھ ان کے شوہر کی موجودگی میں اجتماعی جنسی زیادتی کی گئی۔

پولیس کے مطابق متاثرہ خاتون کو گوالیار کے ایک ہسپتال میں بھرتی کیا گيا اور ڈاکٹروں کی رپورٹ کے مطابق خاتون جنسی تشدد کا نشانہ بنایا گيا۔

دلی ریپ

دلی میں ریپ کے واقعے پر لوگوں نے ملزمان کو پھانسی کے سزا دینے کا مطالبہ کیا تھا

پولیس نے اس سلسلے میں شک کی بنیاد پر آٹھ افراد کو گرفتار کیا ہے لیکن اس بات کی تصدیق نہیں ہوسکی کہ اصل مجرم پکڑے گئے یا نہیں۔

پولیس کا کہنا ہے کہ جو افراد حراست میں لیے گئے ہیں ان سے پوچھ گچھ جاری ہے اور اس میں ملوث مزید افراد کی تلاش جاری ہے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ ایسا لگتا ہے کہ حملہ آور بد معاش ہیں جنہوں نے انہیں مارا پیٹا اور ان کا لیپ ٹاپ سمیت سامان بھی لوٹ لیا۔

چند ماہ قبل ہی دلی میں ایک طالبہ کے ساتھ اجتماعی جنسی زیادتی کا واقعہ پیش آيا تھا جس کے خلاف زبردست احتجاجی مظاہرے ہوئے تھے۔

اس واقعے کے بعد سے ہی ملک میں خواتین کے تحفظ سے متعلق طرح طرح کے سوالات اٹھتے رہے ہیں اور دباؤ کے بعد حکومت نےنئے قوانین وضع کرنے کا عمل شروع کیا ہے۔

اسی بارے میں

متعلقہ عنوانات

BBC © 2014 بی بی سی دیگر سائٹوں پر شائع شدہ مواد کی ذمہ دار نہیں ہے

اس صفحہ کو بہتیرن طور پر دیکھنے کے لیے ایک نئے، اپ ٹو ڈیٹ براؤزر کا استعمال کیجیے جس میں سی ایس ایس یعنی سٹائل شیٹس کی سہولت موجود ہو۔ ویسے تو آپ اس صحفہ کو اپنے پرانے براؤزر میں بھی دیکھ سکتے ہیں مگر آپ گرافِکس کا پورا لطف نہیں اٹھا پائیں گے۔ اگر ممکن ہو تو، برائے مہربانی اپنے براؤزر کو اپ گریڈ کرنے یا سی ایس ایس استعمال کرنے کے بارے میں غور کریں۔