ایل او سی پر بھارتی فوجی ہلاک، پاکستان کی تردید

Image caption بھارتی فوج کا کہنا ہے کہ پاکستان نے پھر جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزی کی ہے

بھارت کے زیرانتظام کشمیر میں فوجی حکام نے الزام عائد کیا ہے کہ لائن آف کنٹرول پر پاکستانی فوج کی گولہ باری سے بھارتی فوجی ہلاک ہو گیا ہے۔

تاہم پاکستانی فوج کے ترجمان نے بھارتی الزام کی تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستانی فوج کی جانب سے کوئی کارروائی نہیں کی گئی ہے۔

بھارتی فوج کے مطابق اس کا ایک فوجی نائب صوبیدار بچن سنگھ اُس وقت ہلاک ہوا جب پاکستانی فوج نے پونچھ سیکٹر میں بھارتی ٹھکانوں پر فائرنگ کی۔

بھارتی فوج کے مطابق پاکستان نے ایک بار پھر جنگ بندی کے دس سالہ معاہدے کی خلاف ورزی کی ہے۔

اطلاعات کے مطابق پاکستانی فوج نے بھاری ہتھیاروں سے فائرنگ کی اور بھارتی ٹھکانوں پر راکٹ فائر کیے۔

بھارتی فوج کے مطابق اس سال یکم جنوری سے اب تک اکتیس مرتبہ کنٹرول لائن پر سیزفائر معاہدے کی خلاف ورزی ہوئی ہے۔

بھارتی فوج کا دعویٰ ہے کہ موسم گرما میں پہاڑوں پر برف پگھلنے کے ساتھ ہی لائن آف کنٹرول پر پاکستانی فوج فائرنگ کرتی رہتی ہے اور اس کی آڑ میں مسلح شدت پسندوں کی دراندازی ہوتی ہے۔

اسی بارے میں