ایل او سی پر پانچ عسکریت پسند ہلاک

Image caption ایل او سی پر نومبر سال دو ہزار تین میں دونوں ملکوں نے جنگ بندی کا معاہدہ کیا تھا

بھارت کے زیرانتظام کشمیر میں فوج نے دعویٰ کیا ہے کہ شمالی ضلع کپواڑہ میں لائن آف کنٹرول پر پانچ مسلح درانداز مارے گئے ہیں۔

شمالی کشمیر میں بھارتی فوج کی اٹھائیسویں ڈویژن کے اے ایس پندارکر نے بی بی سی کو بتایا کہ آٹھ سے زائد مسلح دراندازوں نے پیر کی شام کو کپواڑہ کی فرقیاں گلی سیکٹر میں فوج کی ہیما پوسٹ کے قریب بھارتی علاقے میں داخل ہونے کی کوشش کی تو فوج نے انہیں چلینج کیا۔

کرنل پندارکر کا کہنا تھا ’کم از کم پانچ عسکریت پسندوں کو ہم نے ہلاک کر دیا اور باقی لوگ واپس پاکستان کی طرف فرار ہوگئے۔‘

قابل ذکر ہے کہ ضلع کپواڑہ میں بھارتی فوج کی متعدد تنصیبات ہیں اور کنٹرول لائن کے قریب ہونے کی وجہ سے اس علاقے میں پچھلے چوبیس سال سے شدت پسندی کے خلاف سینکڑوں آپریشن کیے گئے ہیں۔

سری نگر سے بی بی سی کے نامہ نگار ریاض مسرور کے مطابق ان کارروائیوں میں ہزاروں افراد مارے گئے اور متعدد لاپتہ ہوگئے۔

انسانی حقوق کے ادارے اور سیاسی حلقے کنٹرول آف لائن کے قریب ہونے والی ایسی اکثر جھڑپوں پر سوال اُٹھاتے ہیں۔کیونکہ جھڑپوں میں مارے گئے اور بعد میں پاکستانی عسکریت پسند بتائے گئے اکثر نوجوانوں کی تاخیر سے شناخت ہونے پر معلوم ہوا کہ وہ عام لوگ تھے جنہیں فوج نے ترقیوں اور اعزازات کے لیے فرضی جھڑپوں میں ہلاک کر دیا۔

فوج کا کہنا ہے کہ پاکستان کے زیرانتظام کشمیر میں ابھی بھی سینکڑوں مسلح عسکریت پسند بھارتی علاقوں میں داخل ہونے کی تاک میں ہیں۔

بھارت نے کنٹرول لائن پر باڑ لگانے کے لیے اسرائیل سے اربوں روپے کی خار دار تار، دوربین اور دوسرے آلات خریدے ہیں۔

کشمیر کو پاکستان اور بھارت کے درمیان تقسیم کرنے والی سات سو چالیس کلومیٹر طویل اور پینتیس کلومیٹر چوڑی لائن آف کنٹرول پر کئی برسوں تک گولہ باری کے تبادلے ہوتے رہے۔

نومبر سال دو ہزار تین میں دونوں ملکوں نے جنگ بندی کا معاہدہ کیا۔لیکن اکثر اوقات دونوں ایک دوسرے پر فائر بندی کے معاہدے کی خلاف ورزی کا الزام عائد کرتے ہیں۔

واضح رہے کشمیر میں اس سال تشدد کی سطح میں اضافہ ہوا ہے۔پولیس کے مطابق جنوری سے جولائی تک تشدد کی مختلف واقعات میں بتیس فوج اور سکیورٹی فورسز اہلکار اور انیس عسکریت پسند مارے گئے۔حالیہ دنوں بانڈی پورہ میں فوج نے دو نوجوانوں کو بھی رات کے دوران گولی مار کر ہلاک کر دیا۔

اسی بارے میں