1968 میں ہلاک ہونے والے سپاہی کی لاش برآمد

Image caption اس حادثے میں تباہ ہونے والا جہاز روسی ساخت کا انتونوف 12 تھا

بھارتی فوج نے کہا ہے کہ 45 سال قبل ہمالیہ میں ایک بھارتی فوجی جہاز کے حادثے میں ہلاک ہونے والے سپاہی کی لاش مل گئی ہے۔

نان کمشنڈ آفیسر جگ میل سنگھ کی باقیات ہماچل پردیش ریاست کے شمالی علاقے میں دھکہ گلیشیئر سے برآمد ہوئیں۔

بھارتی فوج کے ایک ترجمان نے کہا کہ سپاہی کی شناخت ان کی شناختی ڈسک، انشورنس پالیسی اور ان کی جیب میں پانے جانے والے خط کی مدد سے کی گئی۔

یہ فوجی جہاز فروری 1968 میں گر کر تباہ ہو گیا تھا اور اس میں سوار تمام 98 فوجی ہلاک ہو گئے تھے۔

جب یہ جہاز روہتنگ درے کے اوپر سے گزرا تو اس سے مواصلاتی رابطہ منقطع ہو گیا تھا۔ یہ درہ ہماچل پردیش کو کشمیر سے ملاتا ہے۔

بی بی سی کے نامہ نگار بلدیو ایس چوہان کے مطابق انتونوف 12 نامی اس جہاز کا ملبہ 2003 میں حادثاتی طور پر ملا تھا۔ اس کے بعد تلاشی کی کارروائیوں میں چار لاشیں ملی تھیں۔

تلاشی کی تازہ ترین کارروائی 13 اگست کو شروع کی گئی تھی۔

اسی بارے میں