ممبئی عمارت منہدم 6 افراد ہلاک

ممبئی
Image caption عمارت کے ملبے میں 60-70 لوگوں کے پھنسے ہونے کا اندیشہ ہے۔

ممبئی کے گودی یارڈ روڈ علاقے میں جمعے کی صبح تقریباً ساڑھے پانچ بجے ممبئی میونسپل کارپوریشن کی ایک چار منزلہ عمارت گرگئی۔اس واقعے میں چھ افراد ہلاک ہو گئے۔

عمارت کے ملبے میں 60 سے 70 افراد کے پھنسے ہونے کا اندیشہ ہے۔

عمارت گرنے کی خبر ملتے ہی فائر بریگیڈ کی 12 گاڑیاں، پولیس اور انتظامیہ کے اہلکار فوری طور پر موقع پر پہنچ گئے اور امدادی کام شروع کر دیا گیا۔

مقامی صحافی اشون اگھور نے بتایا کہ فائر بریگیڈ کے عملے نے عمارت کے ملبے سے سات لوگوں کو نکال لیا ہے۔ زخمیوں کو جے جے ہسپتال اور نائر ہسپتال میں داخل کرایا گیا ہے. انہوں نے بتایا کہ پانچ لوگوں کی موت جے جے ہسپتال اور ایک شخص کی موت نائر ہسپتال میں ہوئی۔

حادثے میں 13 افراد زخمی بھی ہوئے ہیں، جن میں تین کی حالت نازک بتائی جا رہی ہے۔

ممبئی کے میئر سنیل رب کے مطابق اس عمارت میں 22 فلیٹ تھے اور ان میں تقریباً 250 افراد مقیم تھے۔

انہوں نے بتایا کہ یہ عمارت خستہ حال تھی اور یہاں رہنے والوں کو عمارت خالی کرنے کا نوٹس دیا گیا تھا۔

عمارت کی مرمت جلد ہی شروع ہونے والی تھی۔

ممبئی کے میئر نے بتایا کہ دس سال پہلے اس عمارت کی مرمت کی گئی تھی۔ عمارت میں ممبئی میونسپل کونسل کے مارکیٹنگ ڈیپارٹمنٹ کے ملازمین رہتے تھے۔

جائے حادثہ پر فائر بریگیڈ کے عملے کو خاصی دشواریوں کا سامنا کرنا پڑا ہے۔ اس عمارت کے ایک تنگ گلی میں واقع ہونے کی وجہ سے فائر بریگیڈ کی گاڑيوں اور مشینوں کو وہاں تک پہنچنے میں دشواری ہوئی۔

راستے میں ایک دکان گرا کر گاڑیوں کے لیے راستہ بنایا گیا۔ امدادی کام میں مختلف محکموں کے پانچ سو ملازمین اور اہلکار لگے ہوئے ہیں۔

بتایا جاتا ہے کہ عمارت تقریباً 60 سال پرانی تھی۔ اس کی مرمت کے لیے میونسپل کونسل کے ساتھ مسلسل گفت و شنید ہو رہی تھی۔

اسی بارے میں