بی بی سی اردو ریڈیو سیربین کا ’آڈیو بُو‘ پر اجرا

Image caption سیربین آڈیو بو پر تجرباتی طور پر پیش کیا جا رہا ہے، اور اس دوران اس کی رسائی اور اس پر سامعین کے ردِ عمل کا جائزہ لیا جائے گا

بی بی سی اردو نے اپنے ریڈیو سامعین کی دیرینہ خواہش کو مدِ نظر رکھتے ہوئے دنیا کی بہترین آڈیو شیئرنگ ایپ ’آڈیو بو‘ کے ساتھ اشتراک کرتے ہوئے اپنے ممتاز پروگرام سیربین کو اس پر پیش کرنا شروع کر دیا ہے۔

آڈیو بو کی موبائل ایپ دنیا میں ریڈیو اور آڈیو براڈکاسٹنگ اداروں کی اولین پسند میں سے ہے جس کی ایپ اینڈروئڈ، ایپل اور بلیک بیری پر دستیاب ہے اور اسے بہت آسانی سے درمیانے درجے کی انٹرنیٹ سپیڈ اور موبائل انٹرنیٹ پر سنا جا سکتا ہے۔

آڈیو بو پر ہمارے چینل کا ایڈریس یہ ہے

www.audioboo.fm/channel/bbcurdu

بی بی سی اردو کی جانب سے یہ اقدام سامعین تک ان کی پسند کے پروگرام اُن کی پسند کے پلیٹ فارم پر پیش کرنے کی کاوشوں کی ایک کڑی ہے جس میں موبائل پر خبروں اور پروگراموں کی دستیابی کی اہمیت بڑھتی جا رہی ہے۔

بی بی سی کی جانب سے حال ہی میں جاری کیے گئے عالمی سامعین کے جائزے سے بات سامنے آئی ہے کہ بی بی سی کے سامعین کی بڑی تعداد ’نوجوان ہے اور موبائل ہے،‘ یعنی خبروں تک رسائی ڈیسک ٹاپ کی نسبت موبائل پلیٹ فارمز سے کرنا زیادہ پسند کرتی ہے۔ بی بی سی ورلڈ کے سامعین کی ایک تہائی تعداد اس تک رسائی اپنی موبائل ڈیوائسز سے کرتی ہے جس میں بی بی سی اردو کے سامعین بھی شامل ہیں۔

اس موقعے پر بی بی سی اردو کے ایڈیٹر عامر احمد خان نے کہا: ’سوشل میڈیا، خصوصاً ٹوئٹر پر سامعین اکثر موبائل کے مختلف پلیٹ فارمز پر ریڈیو پروگراموں کی عدم دستیابی کا شکوہ کرتے رہتے ہیں، اسی وجہ سے ہم نے آڈیو بو پر اپنے پروگرام پیش کرنے کا فیصلہ کیا ہے جس سے یہ پروگرام کسی بھی سمارٹ فون رکھنے والے کی دسترس میں ہوں گے۔‘

آڈیو بو کی کانٹینٹ ایڈیٹر سوزی ویئر ہرسٹ نے کہا کہ ’ہم اس بات پر بہت خوش ہیں کہ بی بی سی اردو نے اپنے بہترین اور عالمی معیار کی صحافت کو دنیا کی ایک بڑی آبادی کے ساتھ شیئر کرنے کے لیے آڈیو بو کا انتخاب کیا۔ ہمیں اس بات پر فخر ہے کہ اس اشتراک کے نتیجے میں صارفین تک زیادہ معلومات، تجزیے اور تبصرے پہنچ پائیں گے۔‘

ابتدا میں بی بی سی اردو کا ممتاز ریڈیو پروگرام آڈیو بو پر تجرباتی طور پر پیش کیا جا رہا ہے جس عرصے میں اس کی رسائی اور اس پر سامعین کے ردِ عمل کا جائزہ لیا جائے گا۔ اس تجرباتی عرصے کے بعد بی بی سی اردو کا ارادہ ہے کہ دوسرے پروگرام، اور رپورٹیں بھی آڈیو بو پر پیش کی جائیں۔

آپ آڈیو بو کی ویب سائٹ پر جا کر اپنے موبائل کے آپریٹنگ سسٹم کے لیے موزوں ایپ ڈاؤن لوڈ کر سکتے ہیں۔

ایپ پر آپ نہ صرف ہمیں سن سکتے ہیں بلکہ ہمارے ساتھ براہِ راست رابطہ بھی کر سکتے ہیں، جس کا ہمیں انتظار رہے گا۔