ایڈیٹر کا انتخاب

ابھی پچھلے ہی ہفتے ہمارے ایک قاری بلال شاہد نے پوچھا کہ کیا محمد حنیف اب بھی اردو سروس کے ساتھ ہیں کیونکہ بہت عرصے سے ان کی کوئی تحریر نہیں پڑھی۔ لیجیے، سعادت حسن منٹو کی سوویں سالگرہ پر محمد حنیف کو جی بھر کے پڑھیے۔ ان کی تحریروں کا یہ سلسلہ ہم نے کل ہی شروع کیا ہے اور یہ تیرہ مئی تک جاری رہے گا۔ اس کے علاوہ اس موقع پر ہم کئی ویڈیوز بھی شائع کریں گے جبکہ اس جمعہ سیربین بھی اسی موضوع پر ہو گا۔

ہمارے ایک قاری نے کہا کہ میرے اس کالم میں وہ زیادہ سے زیادہ قارئین کی رائے پڑھنا چاہیں گے۔ میں کوشش کروں گا کہ ایسا بہت جلد ہو جائے۔

آج کے انتخاب سے پہلے آپ کو بتاتا چلوں کہ گزشتہ روز یعنی آٹھ مئی کو ہماری سب سے زیادہ پڑھی جانے والی خبر منتخب نمائندوں کے اثاثوں سے متعلق تھی۔ چونکا دینے والی بات تھی کہ پاکستان کی پارلیمنٹ میں امیر ترین اور غریب ترین دونوں کا تعلق حکمران جماعت پی پی پی سے ہے۔ یقیناً پی پی پی اسے دلیل سمجھے گی کہ وہ پاکستان کے ہر طبقے میں یکسر مقبول ہے۔ لیکن آپ کا کیا کہنا ہے؟

اس کے علاوہ ہمارے ویڈیو سیکشن میں سب سے زیادہ دیکھی جانے والی ویڈیو سلام ورلڈ، اسلامی فیس بک ٹھہری۔

آج ظاہر ہے محمد حنیف کی پرمغز تحریر منٹو اور شلوار میرے انتخاب میں سر فہرست ہے۔ اس میں وہ بہت سی ایسی باتیں کر گئے جو شاید کسی بھی سیاسی تجزیے میں کہنا ممکن نہ ہوں۔ اور اگر صرف منٹو کا مزہ لینا چاہتے ہوں تو کلک کیجیے آئیے منٹو سنتے ہیں پر جو ہمارے ساتھی شرجیل بلوچ نے ہدایتکار و اداکار خالد احمد کی مدد سے تیار کی ہے۔

کم عمر لڑکیوں سے سیکس، نو افراد کو سزا ہے تو ایک ہولناک کہانی لیکن اس نے برطانوی میڈیا میں ایک پرانی بحث دوبارہ چھیڑ دی ہے۔ مجرموں میں سے زیادہ تر ایشائی ہیں لیکن بحث اس نقطے پر ہے کہ کیا اس پہلو پر خصوصی توجہ دینی چاہئیے یا نہیں؟ کیا یہ صرف جرم و سزا کا ایک واقعہ ہے یا برطانیہ میں ایشین کمیونٹی کو اس سوال پر خصوصی توجہ دینی چاہئیے کہ اس کا جرم کی دنیا سے واسطہ کس قدر قابل غور ہے۔ آپ اس معاملے پر اپنی رائے ضرور دیجئیے گا۔

اور اب سائنس جس میں بغیر ڈرائیور کے گاڑی کو لائسنس میرے لیے ایک توجہ طلب کہانی رہی۔ اس طرح کے تجربے اور ایجادات دراصل اس فاصلے کا پیمانہ ہے جو موجودہ وقتوں میں ترقی یافتہ اور ترقی پزیر ممالک میں حائل ہے اور شاید اب یہ وقت کے ساتھ ساتھ بڑھتا ہی جائے۔ اور کون جانتا ہے کہ تیزی سے بڑھتی ہوئی یہ خلیج ہی شاید مستقبل کی دنیا کی شکل کا تعین کرے۔ بڑی تکلیف دہ بات نہیں؟

کل پھر ملاقات ہو گی۔

ہم تک اپنی رائے اور مشورے پہنچانے کے لیے آپ ہمیں ای میل کر سکتے ہیں۔ ای میل کرنے کا پتہ ہے۔

askbbcurdu@bbc.co.uk

مجھے آپ کی جانب سے رابطے کا انتظار رہے گا۔