اوسکار نی مائر: ایک انقلابی ماہر تعمیرات

آخری وقت اشاعت:  جمعرات 6 دسمبر 2012 ,‭ 12:49 GMT 17:49 PST
  • اوسکار نی مائر کی دو ہزار سات میں لی گئی تصویر۔اوسکار پچھلے ساٹھ سالوں میں سب سے زیادہ تخلیقی مزاج رکھنے والے ماہر تعمیرات تھے۔
  • لوسیو کوسٹا کے ساتھ مل کر انہوں نے برازیل کے موجودہ دارالحکومت برازیلیا کا منصوبہ تیار کیا تھا۔ برازیلیا شہر برازیل کے مرکزی میدانوں میں مکمل طور پر نئے سرے سے منصوبے کے تحت تعمیر کیا گیا تھا۔
  • نی مائر مشہور ماہر تعمیرات لی کوربئز یو کے شاگرد تھے اور انہوں نے عمارات کو ہوائی جہازوں کی شکل میں تعمیر کرنے کا خواب دیکھا تھا، جن کے ارد گرد کئی قسم کی قوسیں ہوں۔
  • برازیلیا شہر کا نقشہ انیس سو چھپن اور اکسٹھ کے درمیان برازیل کے صدر زولینو کوبیچک کے دور حکومت میں تیار ہوا تھا۔
  • برازیلیا شہر کا منصوبہ بہت بڑے پیمانے پر تیار کیا گیا تھا اور شہر کی عمارات میں سب سے مشہور عمارت گرجا گھر ہے، جسے برازیلیا کا گرجا گھر کہتے ہیں، اور یہ ایک تاج کی شکل میں تعمیر کیا گیا ہے۔
  • دوسرے روایتی گرجا گھروں کی نسبت اس عمارت کا اندرون تاریک ہونے کی بجائے بہت روشن ہے۔
  • نی مائر برازیل کے ہی نہیں بلکہ دنیا کے مشہور ترین ماہر تعمیرات میں سے ایک تھے۔ ان کی سب سے نمایاں خوبی کنکریٹ کو اپنی پسند سے خم دے کر قوسوں کی شکل دینے کی صلاحیت تھی۔
  • جدید طرز تعمیر میں مکعب یعنی کیوب کی شکل کی تعمیرات کو ترجیح دی جاتی تھی۔ نی مائر نے اس طرز کو مسترد کر کے دنیا کی بہترین تعمیرات کے نقشے بنائے۔ ان کی تعمیرات میں شیشے اور کنکریٹ کو بے مثال طریقے سے خم دیا گیا ہے۔
  • کنکریٹ، قوسیں اور رنگ ان کی عمارات کا خاصہ ہیں۔ اس کی ایک مثال جدید آرٹ کا یہ عجائب گھر جو گوانابار کی خلیج کے بالکل سامنے ہے۔
  • اس اڑن طشتری نما عمارت میں لوگ ایک ڈھلوانی راستے (ریمپ) سے گزر کر داخل ہوتے ہیں۔
  • اپنی زندگی میں انہوں نے تقریباً تمام قسم کی عمارات کے منصوبوں کے ٹینڈر کے لیے درخواستیں دیں اور انہیں حاصل کیا جس پر ان کے بعض ہم عصر کچھ زیادہ خوش نہیں تھے۔ انہوں نے یہ بات تسلیم کی کہ عظیم الشان عمارتیں صرف امرا کے لیے ہیں اگرچہ غریب انہیں دیکھ کر خوش ہوتے ہیں۔
  • اوسکار نی مائر انیس سو سات میں برازیل کے شہر ریو ڈی جنیرو کے ایک متوسط خاندان میں پیدا ہوئے۔ انہوں نے گریجویشن انیس سو تیس میں کی اور اس کے بعد ایک تعمیراتی فرم میں کام شروع کیا۔
  • برازیل میں بڑے پیمانے پر عمارات کے نقشے بنانے پر اپنی پہچان بنانے کے بعد انہیں انیس سو پچاس میں نیویارک میں اقوام متحدہ کے صدر دفتر کی عمارت کا نقشہ بنانے والے ماہرین تعمیرات کی ٹیم میں شامل کیا گیا۔
  • نی مائر اپنی زندگی میں کمیونزم کی جانب مائل رہے اور جب انیس سو چونسٹھ میں برازیل میں فوجی آمر حکومت میں آئے تو انہیں فرانس میں جلا وطن ہونا پڑا۔ انہوں نے انیس سو بیاسی میں فرانس کا لو آور مرکزِ فنون ڈیزائن کیا۔
  • انیس سو اسی میں وہ اپنے اصل گھر ریو ڈی جنیرو واپس آگئے تھے۔
  • نی مائر سو سال سے زائد عمر ہونے کے بعد بھی کام کرتے رہے۔

ملٹی میڈیا

BBC © 2014 بی بی سی دیگر سائٹوں پر شائع شدہ مواد کی ذمہ دار نہیں ہے

اس صفحہ کو بہتیرن طور پر دیکھنے کے لیے ایک نئے، اپ ٹو ڈیٹ براؤزر کا استعمال کیجیے جس میں سی ایس ایس یعنی سٹائل شیٹس کی سہولت موجود ہو۔ ویسے تو آپ اس صحفہ کو اپنے پرانے براؤزر میں بھی دیکھ سکتے ہیں مگر آپ گرافِکس کا پورا لطف نہیں اٹھا پائیں گے۔ اگر ممکن ہو تو، برائے مہربانی اپنے براؤزر کو اپ گریڈ کرنے یا سی ایس ایس استعمال کرنے کے بارے میں غور کریں۔