ایشز میں کلارک کی شمولیت غیر یقینی

آسٹریلیوی کپتان مائیکل کلارک
Image caption مائیکل کلارک کو کمر میں تکلیف کی وجہ سے پہلے ہی بھارت کے دورے کے لیے ٹیم میں شامل نہیں کیا گیا ہے

آسٹریلوی کرکٹ ٹیم کے کپتان مائیکل کلارک نے تسلیم کیا ہے کہ کمر میں تکلیف کی وجہ سے نومبر میں شروع ہونے والے پہلے ایشز ٹیسٹ میں ان کی شمولیت غیر یقینی ہے۔

بتیس سالہ مائیکل کلارک کو کمر کی تکلیف کی وجہ سے پہلے ہی بھارت کے دورے کے لیے ٹیم میں شامل نہیں کیا گیا ہے۔

اس سوال کے جواب میں کہ کیا وہ پرسبین ٹیسٹ میں حصہ نہیں لے سکیں گے ان کا کہنا تھا کہ ’ایسا بالکل نہیں ہے، لیکن ابھی اس موقع پر ہم یہ نہیں کہہ سکتے کہ صحیح ہونے میں کتنی دیر لگے گی‘۔

ایشز سے پہلے آسٹریلیا کی ٹیم بھارت کا دورہ کرے گی جہاں وہ سات ایک روزہ میچوں کی سیریز کھیلے گی۔ آسٹریلیا اور بھارت کے درمیان سیریز راج کوٹ میں دس اکتوبر سے شروع ہو گی اور دو نومبر کو ختم ہوگی جب کہ 21 نومبر کو آسٹریلیا میں ایشز سیریز شروع ہو جائے گی۔

انگلینڈ کی ٹیم آخری تین ایشز سیریز میں فاتح رہی ہے۔ آخری ایشز سیریز میں انگلینڈ نے آسٹریلیا کو تینوں ٹیسٹ میچوں میں شکست دی تھی۔ انگلینڈ کی ٹیم آسٹریلیوی ٹیم سے قبل آسٹریلیا پہنچ جائے گی جس پر کلارک کا کہنا تھا کہ اس سے مہمان ٹیم کو کوئی زیادہ فائدہ نہیں ہوگا۔

’ہر کھلاڑی مختلف ہوتا ہے۔ میرے لیے ذاتی طور پر کسی بھی سیریز کے لیے تیاری ہر قسم کی کرکٹ میں رنز سکور کر کے ہوتی ہے‘۔

’اگر میں ٹیسٹ سیریز سے پہلے ون ڈے سیریز کھیل رہا ہوں تو مجھے اس سے کوئی زیادہ فرق نہیں پڑتا۔ میری تیاری ایک جیسی ہی ہوتی ہے۔ میں ون ڈے میں بھی اسی طرح بیٹنگ کرتا ہوں جس طرح کہ ٹیسٹ میں‘۔

آسٹریلوی فاسٹ بولر جیمز پیٹیسن موسم گرما میں انگلینڈ کے خلاف لارڈز ٹیسٹ کے دوران کمر پر دباؤ کے وجہ سے زخمی ہوگئے تھے۔ ان کا کہنا ہے کہ وہ پہلے دو ٹیسٹ میچوں میں حصہ نہیں لیں گے تاہم وہ دسمبر کے وسط میں پرتھ میں ہونے والے ٹیسٹ کے لیے دستیاب ہوں گے۔

اسی بارے میں