بی بی سی اردو موبائل پر اب نئےرنگ ڈھنگ سے

تصویر کے کاپی رائٹ

بی بی سی اردو کے تمام صارفین جو عالمی حالاتِ حاضرہ سے باخبر رہنے کے لیے موبائل فون استعمال کرتے ہیں، ان کی سہولت کے لیے بی بی سی اردو ڈاٹ کام کی سائٹ کو ایک نئی ٹیکنالوجی ’رسپانسیو ڈیزائن‘ کے ساتھ دوبارہ پیش کیا جا رہا ہے۔

فیچر فون سے سمارٹ فون تک صارفین کسی بھی قسم کا کوئی بھی موبائل فون استعمال کرتے ہوں، نئی ٹیکنالوجی کے تحت بی بی سی اردو کی ویب سائٹ اُن کے فون سے خود بخود مطابقت پیدا کر دے گی۔

یعنی بی بی سی اردو ڈاٹ کام تک رسائی کے لیے صارفین کو فون بدلنے کی ضرورت نہیں پڑے گی بلکہ نئی ٹینالوجی خود بخود بی بی سی اردو ڈاٹ کام کو آپ کے فون کے مطابق ڈھال لے گی۔

صارفین بی بی سی اردو ڈاٹ کام کے مواد تک رسائی تو حاصل کر ہی لیتے ہیں لیکن رسپانسیو ٹیکنالوجی کا استعمال اُس عزم کا حصہ ہے جو بی بی سی اپنے صارفین کی اِس رسائی کو خوشگوار تجربہ بنانے کے لیے رکھتی ہے۔

سنہ2013 کی دوسری اور چوتھی سہ ماہیوں کےدوران تمام ذرائع سے بی بی سی اردو ڈاٹ کام تک پہنچنے والوں کی تعداد میں 35 فیصد اضافہ ہوا جب کہ اسی مدت کے دوران موبائل ویب سائٹ کی ٹریفک میں 170 فیصد سے زائد اضافہ دیکھنے میں آیا۔

بی بی سی اردو کےایڈیٹر عامر احمد خان کہتے ہیں: ’موبائل فون استعمال کرنے والے ہمارے ایسے صارفین ہیں جو اہم ہی نہیں، بڑی تیزی سے بڑھ بھی رہے ہیں۔bbcurdu.com کے موبائل ایڈیشن کے لیے رسپانسیو ڈیزائن ٹیکنالوجی کا استعمال ویب سائٹ کو صارفین کے لیے کہیں زیادہ پُر کشش بنا دے گا۔ یہ خبر زبردست ہے کہ اب صارفین کے لیے ہماری ویب سائٹ پر آمد انتہائی عمدہ تجربہ ثابت ہو گی اور اس بات سے بھی کوئی فرق نہیں پڑے گا کہ وہ کون سا فون استعمال کرتے ہیں۔‘

بی بی سی ورلڈ سروس رسپانسیو ڈیزائن ٹیکنالوجی کو ٹیبلٹ اور ڈیسک ٹاپ کی سطح تک لے جانے پر کام کر رہی ہے۔

اسی بارے میں