بالی وڈ اداکارہ زہرا سہگل انتقال کرگئیں

زہرا سہگل تصویر کے کاپی رائٹ CHEENI KUM
Image caption زہرا سہگل کی عمر 102 برس تھی

بھارتی فلموں کی معروف اداکارہ زہرا سہگل 102 سال کی عمر میں انتقال کر گئی ہیں۔

اطلاعات کے مطابق جمعے کو دہلی میں ان کی آخری رسومات ادا کی جائیں گی۔

زہرا سہگل 1912 میں مغربی اترپردیش کے ایک روایتی مسلم گھرانے میں پیدا ہوئی تھیں۔

زہرا سہگل نے اپنے کرئیر کی ابتدا ایک کلاسیکل ڈانسر کے طور پر کی تھی۔ ان کی شناخت ایک بہترین تھیئٹر اداکارہ کے طور پر بھی تھی۔ زہرا سہگل نے انڈین پیپل تھیئٹر ایسوسی ایشن یعنی IPTA اور پرتھوی تھیئٹر کے ساتھ تقریباً 14 برس تک اداکاری کی۔

زہرا سہگل نے فلموں سے زیادہ تھیئٹر میں کام کیا اور انہوں نے 60 کی دہائی میں بعض ہندی فلموں میں گانوں کی کوریوگرافی بھی کی۔

زہراسہگل کی آخری ہندی فلم ’سانوریا‘ تھی جو سنہ 2007 میں ریلیز ہوئی تھی۔

زہرا سہگل کو بھارتی حکومت نے پدم شری، پدم بھوشن اور پدم وبھوشن جیسے اعلیٰ اعزازات سے نوازا گیا تھا۔

انہوں نے امیتابھ بچن کے ساتھ ’چینی کم‘ اور ’کبھی خوشی، کبھی غم‘ جیسی فلموں میں کام کیا تھا۔

اس کے علاوہ وہ ’ویر زارا‘ اور ’ہم دل دے چکے صنم‘ جیسی کامیاب فلموں میں بھی نظر آئیں۔

زہرا سہگل نے بالی وڈ کی فلموں کے ساتھ ساتھ آف بیٹ فلمیں جیسے ’بھاجی آن دا بیچ‘ اور ’بینڈ اِٹ لائیک بیکم‘ فلموں میں کام کیا تھا۔

انھوں نے ’چینی‘ کم میں امیتابھ بچن کی ماں کا کردار ادا کیا تھا۔ 2012 میں جب زہرا سہگل سو سال کی ہوئیں تو امیتابھ بچن نے انھیں ’100 سال کی بچی‘ کہا تھا۔

ان کا کہنا تھا ’زہرا سہگل بے حد زندہ دل شخصیت ہیں اور وہ اپنی حسِ مزاح کے لیے مشہور ہیں۔ وہ ایک پیاری چھوٹی سی بچی کی طرح ہیں۔ وہ اس عمر میں بھی بے حد انرجی کا مظاہرہ کرتی ہیں۔ میں نے انھیں کبھی بھی مایوس نہیں دیکھا۔ وہ ہمیشہ ہنستی، كھلكھلاتي رہتی ہیں۔‘

امیتابھ بچن نے زہرا سہگل کے انتقال پر ٹوئٹر پر لکھا ہے کہ ’ان کا سفر بہترین تھا اور وہ بہت ہی محبت کرنے والی ساتھی اداکارہ تھیں۔‘

امیتابھ بچن کا کہنا تھا کہ ’چینی کم‘ کے سیٹ پر زہرا ہمیشہ سب کو بڑے پیار سے پرانی کہانیاں سنایا کرتی تھیں۔‘