غداروں کے سوالات؟

لائن آف کنٹرول تصویر کے کاپی رائٹ Getty Images

بھارت اور پاکستان کی فوجوں کے درمیان لائن آف کنٹرول پر آخر ہوا کیا تھا اس کی سچائی تو ہم عام لوگ شاید کبھی نہ جان سکیں، اس لیے فی الحال پاکستان اور بھارت میں عوام کو لیفٹیننٹ جنرل عاصم باجوہ اور لیفٹیننٹ جنرل رنبیر سنگھ کے بیانات پر ہی یقین کرنا ہو گا۔

اور یقین کیسے نہ کریں۔ ایک لفظ نکال کر تو دیکھیں کوئی سوال اٹھا کر تو دیکھیں، کسی سے کوئی مشکل سوال پوچھ کر تو دیکھیں، کسے سچا جواب دے کر تو دیکھیں، لگ پتہ جائے گا۔ کھڑے کھڑے آپ غداروں کی طویل فہرست میں شامل ہو جائیں گے۔

ان دنوں بھارت اور پاکستان میں جو الفاظ یا جملے سب سے زیادہ مقبول ہیں ان میں ’گھس کر ماریں گے،‘ 'منھ توڑ جواب'، 'محب وطن' اور 'غدار ہے'، سب سے زیادہ مقبول ہیں۔ ان چاروں جملوں کی مختلف آمیزش سے آپ ٹی وی ریٹنگز سے لے کر ٹوئٹر فالورز تک سب میں اضافہ کر سکتے ہیں۔

دلی کے وزیراعلیٰ اروند کیجریوال نے صرف حکومت سے یہ پوچھا ہے کہ مبینہ سرجیکل سٹرائیک کا کوئی ثبوت تو دیں، تو غدار ہے غدار ہے کی آوازیں اٹھنا شروع ہو گئی ہیں۔

پاکستان میں عدنان سمیع خان پہلے ہی غدار قرار دیے جا چکے ہیں۔ اوم پوری نے پاکستان کے فنکاروں اور عوام کے لیے اچھے الفاظ ادا کیے تو وہ بھارت میں غدار پائے۔ اور پاکستان میں جس نے یہ پوچھنے کی جرات کی کہ سرحدوں پر کشیدگی میں فلموں اور ڈراموں کا کیا قصور، تو دونوں ملکوں میں ایسے سوال پوچھنے والے غداروں کی فہرست میں شامل ہو جاتے ہیں۔

تصویر کے کاپی رائٹ Getty Images

اور کون سے ایسے سوال ہیں جو پوچھنے پر آپ کو بھارت یا پاکستان میں غدار قرار دیا جاسکتا ہے؟ ان میں سے چند یہ ہیں:

  • کیا بھارتی فوجی سرجیکل سٹرائیک کے لیے لائن آف کنٹرول عبور کر کے پاکستان کے زیر انتظام کشمیر کے علاقے میں داخل ہوئے تھے؟ اگر ہوئے تھے تو ثبوت کہاں ہیں؟
  • پاکستانی افواج یہ کیسے کہہ سکتی ہیں کہ کوئی پاکستان کے علاقے میں نہیں آ سکتا؟ اگر ایسا ہی ہے تو اسامہ بن لادن کو ہلاک کرنے والے کیسے آ گئے تھے؟
  • کیا واقعی مظفرآباد کے بعض لوگ اوڑی میں ہونے والے حملے میں ملوث تھے اور اگر تھے تو وہ وہاں کیسے پہنچے؟
  • انڈیا کے لاکھوں فوجیوں کی موجودگی، اور لائن آف کنٹرول پر اس قدر چوکسی کے باوجود شدت پسند کیسے انفلٹریٹ کر جاتے ہیں؟
  • اگر پاکستان ان حملوں میں واقعی ملوث ہے تو پھر انڈیا کوئی ٹھوس ثبوت کیوں فراہم نہیں کرتا؟
  • چلیں جو ثبوت انڈیا فراہم کر رہا ہے اور پاکستان کہتا ہے کہ وہ اپنی سرزمین شدت پسندی کے لیے استعمال ہونے کی اجازت نہیں دیتا تو پھر پاکستانی حکام انڈیا کے خدشات یا ثبوتوں پر مناسب تحقیقات کیوں نہیں کرتے؟
  • کیا بھارت کے زیر انتظام کشمیر میں مظاہرین کے خلاف طاقت اور پیلٹ گنوں کا استعمال اور ان کے نتیجے میں بچوں سمیت سینکڑوں لوگوں کی جانیں اور آنکھیں ظائع ہوجانا انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزی نہیں؟
  • ایسا کیوں ہے کہ کسی بھی حملے کے بعد دونوں ممالک بغیر کسی مناسب تحقیق اور تفتیش کے پڑوسی ملک کے ملوث ہونے کی تصدیق کر دیتے ہیں؟
  • کیا پاکستان یا بھارت واقعی جنگ لڑ سکتے ہیں اور اپنا جوہری اسلحہ استعمال کرسکتے ہیں یا یہ صرف سیاسی پوسچرنگ ہے؟
  • جب بات چیت شروع ہونے کے امکانات پیدا ہو گئے تھے، وزیراعظم نواز شریف مودی جی کی حلف برداری میں بھی شریک ہونے چلے گئے تھے، تو پھر ایسا کیا ہوا کہ انھیں یو ٹرن لینا پڑا؟

سوال اور بھی بہت ہیں، لکھنے کا دل بھی چاہ رہا ہے، لیکن یہاں تک پہنچتے پہنچتے مجھے اچانک احساس ہوا کہ کہیں میں بھی غداروں کی فہرست میں شامل نہیں ہو گیا؟

متعلقہ عنوانات

اسی بارے میں