بلوچستان: آپریشن میں تین افراد ہلاک، 21 گرفتاریوں کا دعویٰ

تصویر کے کاپی رائٹ EPA

پاکستان کے صوبہ بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ اور ضلع کیچ میں سرکاری حکام نے سکیورٹی فورسز کی کارروائی میں فائرنگ کے تبادلے میں تین مسلح افراد کو ہلاک کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔

ان کارروائیوں کے دوران 21افراد کو گرفتار بھی کیا گیا ہے۔

سینیچر کی شب میڈیا کو فرنٹیئر کور کے ترجمان کی جانب سے جو معلومات فراہم کی گئیں ان کے مطابق دو افراد کی ہلاکت کوئٹہ میں ہوئی۔

ترجمان کا کہنا تھا کہ کوئٹہ شہر کے سبزل روڈ کے علاقے میں سکیورٹی فورسز نے آپریشن کیا اور آپریشن کے دوران فائرنگ کے تبادلے میں دو افراد ہلاک ہوئے جن کا تعلق کالعدم تنظیم سے تھا۔

ترجمان کے مطابق ایک اور کارروائی میں ایران سے متصل ضلع کیچ کے علاقے مند میں عسکریت پسندوں کی موجودگی پر کی گئی۔

ترجمان کا کہنا تھا کہ کارروائی کے دوران فائرنگ کے تبادلے میں ایک شخص ہلاک ہوا جس کا تعلق ایک کالعدم عسکریت پسند تنظیم سے تھا۔

کوئٹہ اور کیچ میں تینوں افراد کی فائرنگ کے تبادلے میں ہلاکت اور کسی شدت پسند یا عسکریت پسند تنظیم سے تعلق کی تاحال تصدیق نہیں ہوئی ہے۔

ایف سی کے ترجمان کے مطابق مند میں کارروائی کے دوران کالعدم تنظیم سے تعلق کے شبے میں دس افراد کو گرفتار کرکے ان سے اسلحہ بھی برآمد کیا گیا۔

اس سے قبل کوئٹہ کے تین مختلف علاقوں میں کومبنگ آپریشن کے دوران کالعدم تنظیموں سے تعلق کے الزام میں 11 افراد کو گرفتار کرنے کی معلومات فراہم کی گئی تھیں۔

متعلقہ عنوانات

اسی بارے میں