ملازمتوں کے کوٹے پر عملدرآمد کے خلاف بلوچستان میں معذور افراد کی ریلی اور دھرنا

معذور افراد احتجاج
Image caption ریلی کے شرکا وزیر اعلیٰ ہاؤس جانا چاہتے تھے لیکن پولیس نے ان کو ہاکی چوک سے آگے جانے نہیں دیا جس پر انھوں نے وہیں دھرنا دے دیا

پاکستان کے صوبہ بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ میں جسمانی طور پر معذور افراد نے اپنے مطالبات کے حق میں بدھ کو ریلی نکالی اور دھرنا دیا۔

یہ ریلی معذور افراد کی ایک تنظیم آواز معذوران کے زیر اہتمام نکالی گئی جس کا آغاز ریلوے سٹیشن سے ہوا۔

ریلی کے شرکا وزیر اعلیٰ ہاؤس جانا چاہتے تھے لیکن پولیس نے ان کو ہاکی چوک سے آگے جانے نہیں دیا جس پر انھوں نے وہیں دھرنا دے دیا۔

اس موقع پر مظاہرین اپنے مطالبات کے حق میں نعرے بازی بھی کی۔

معذور افراد کا کہنا تھا کہ بلوچستان میں ان کے لیے ملازمتوں کا جو کوٹہ مختص کیا گیا ہے اس پر عملدرآمد نہیں ہو رہا۔ اس کے علاوہ ان کے دیگر جائز مطالبات پر بھی عملدر آمد نہیں کیا جا رہا ہے جس پر وہ احتجاج پر مجبور ہوئے ہیں۔

معذور افراد کے احتجاج کی وجہ سے بعض شاہراہوں پر ٹریفک بھی جام رہی۔

Image caption مظاہرین نے احتجاج کے دوران ایک جج کی گاڑی کو روکنے کی کوشش کی تو پو لیس نے بعض معذوروں کو تشدد کا بھی نشانہ بنایا

مظاہرین نے احتجاج کے دوران ایک جج کی گاڑی کو روکنے کی کوشش کی تو پو لیس نے بعض معذوروں کو تشدد کا بھی نشانہ بنایا۔

پولیس کی جانب سے تشدد پر مظاہرین مشتعل ہو گئے اور انھوں نے ٹائر جلائے اور نعرے باز ی کی۔

معذور افراد نے شام کو ڈپٹی کمشنر کوئٹہ سے ملاقات کی۔

ڈپٹی کمشنر کی جانب سے اعلی حکام تک ان کے مطا لبات پہنچا نے کی یقین دہانی پر معذور افراد نے اپنا دھر نا ختم کر دیا۔