پشاور میں نوجوان لڑکے اور شادی شدہ خاتون کا قتل

تصویر کے کاپی رائٹ AFP

پاکستان کے صوبے خیبر پختونخوا کے دارالحکومت پشاور میں حکام کا کہنا ہے کہ ایک نوجوان لڑکے اور ایک شادی شدہ خاتون کی لاشیں ملی ہیں جنہیں فائرنگ کرکے ہلاک کیا گیا ہے۔

پولیس کے مطابق یہ واقعہ پیر کی صبح پشاور اور قبائلی علاقے خیبر ایجنسی کے ایک سرحدی مقام شاگئی ارضیات میں تھانہ ریگی کی حدود میں پیش آیا۔ تھانہ ریگی کے ایک اہلکار طارق خان نے بی بی سی کو بتایا کہ دونوں افراد کی لاشوں کو گاؤں کے قریبی کھیتوں میں پھینکا گیا ہے۔ انھوں نے کہا کہ دونوں لاشوں کی شناخت کرلی گئی ہے جس کے مطابق لڑکے اور خاتون کا تعلق پشاور کے نواحی علاقے مترا سے بتایا گیا ہے۔

انھوں نے کہا کہ دونوں کو متعدد گولیاں مار کر ہلاک کیا گیا ہے۔

خیال رہے کہ پشاور سمیت خیبر پختونخوا کے مختلف اضلاع میں خواتین کے قتل کے واقعات کچھ عرصہ سے بڑھتے جارہے ہیں۔ تقریباً ڈیڑہ ماہ قبل پشاور میں ماں اور بیٹیوں سمیت تین خواتین کو قتل کرنے کے بعد ان کی لاشوں کو جلایا گیا تھا۔

بیشتر واقعات میں خواتین کو قتل کرنے کے بعد ان کی میتوں کو ویرانوں میں پھینک دیا جاتا ہے۔ یہ امر بھی اہم ہے کہ ان میں زیادہ تر واقعات غیرت کے نام پر ہوتے ہیں تاہم مقامی روایات اور فرسودہ معاشرتی رویوں کی وجہ سے ایسے واقعات کو جان بوجھ کر مخفی رکھا جاتا ہے۔

متعلقہ عنوانات

اسی بارے میں