پاکستان کی بّری فوج میں تین اہم عہدوں پر نئی تقرریاں،10 کور کا کمانڈر تبدیل

لیفٹیننٹ جنرل ظفر اقبال تصویر کے کاپی رائٹ Getty Images
Image caption 10 کور کے لیفٹیننٹ جنرل ظفر اقبال کو اب جوائنٹ سٹاف ہیڈ کوارٹر میں ڈی جی جوائنٹ سٹاف تعینات کیا گیا ہے

پاکستان کی بّری فوج میں سات میجرز جنرلز کی ترقی کے بعد تین اہم تقرریاں کی گئی ہیں۔

فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کی جانب سے جاری ہونے والے بیان کے مطابق لیفٹیننٹ جنرل ندیم رضا کو فوج کی سب سے بڑی 10 کور کا کمانڈر تعینات کیا گیا ہے۔

وہ اس سے قبل بّری فوج کی اکیڈمی پی ایم اے کے کمانڈنٹ کی ذمہ داریاں نبھا رہے تھے۔

’فوجی مہارت میں اضافے کا خواہشمند جنرل‘

اس کور کی کمانڈ کرنے والے لیفٹیننٹ جنرل ظفر اقبال کو جوائنٹ سٹاف ہیڈ کوارٹر میں ڈی جی جوائنٹ سٹاف تعینات کیا گیا ہے۔

10 کور کی ذمہ داریوں میں متنازع کشمیر کو تقسیم کرنے والی لائن آف کنٹرول بھی شامل ہے۔

لیفٹیننٹ جنرل سرفراز ستار کو ملتان میں 2 کور کا کمانڈر تعینات کیا گیا ہے۔ خیال رہے کہ ملتان کور کے پہلے کمانڈر لیفٹیننٹ جنرل اشفاق ندیم احمد تھے جو جنرل راحیل شریف کی ریٹائرمنٹ کے بعد دوسرے سینیئر ترین جنرل تھے۔

اس سے پہلے جمعے کو ہی بّری فوج کے سات میجر جنرلز کو لیفٹیننٹ جنرل کے عہدے پر ترقی دی گئی جن میں سندھ رینجرز کے سربراہ میجر جنرل بلال اکبر بھی شامل ہیں۔

آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری ہونے والے بیان کے مطابق ترقی پانے والوں میں پہلے نمبر پر میجر جنرل ندیم رضا ہیں جبکہ دوسرے نمبر پر میجر جنرل ہمایوں عزیز ہیں جو اس وقت جنرلز ہیڈ کوارٹرز میں ڈائریکٹر جنرل ’ویلفیئر اینڈ ری ہیبلٹیشن‘ یعنی فلاح اور بحالی کے ادارے کے سربراہ ہیں۔

تیسرے نمبر پر اس وقت نیشنل یونیورسٹی آف ڈیفیس میں تعینات میجر جنرل نعیم اشرف ہیں جبکہ چوتھا نام اس وقت ایف ڈبلیو او کے ڈائریکٹر جنرل، میجر جنرل محمد افضل کا ہے۔

پانچویں نمبر پر ڈی جی ایف سی بلوچستان شیر افگن اور چھٹے نمبر پر جنرلز ہیڈ کوارٹر میں تعینات ڈی جی پرسنل سروسز قاضی اکرام ہیں۔

اس کے علاوہ لیفٹیننٹ جنرل کے عہدے پر ترقی پانے والوں میں سندھ ریجنرز کے میجر جنرل بلال اکبر بھی شامل ہیں۔

تصویر کے کاپی رائٹ Getty Images

اس سے پہلے 2014 سندھ رینجرز کے سربراہ میجر جنرل رضوان اختر کو لیفٹیننٹ جنرل کے رینک پر ترقی دے کر خفیہ ایجنسی آئی ایس آئی کا ڈی جی بنایا گیا تھا۔

بدھ کو بّری فوج کے نئے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ نے لیفٹیننٹ جنرل شاہد بیگ مرزا کو لیفٹیننٹ جنرل نوید مختار کی جگہ کراچی کا کور کمانڈر جبکہ لیفٹیننٹ جنرل غیور محمد کو ملٹری سیکریٹری تعینات کیا تھا

لیفٹیننٹ جنرل شاہد بیگ مرزا اس تعیناتی سے قبل جی ایچ کیو میں ملٹری سیکریٹری جبکہ لیفٹیننٹ جنرل غیور چیف آف لوجسٹک کے عہدے پر تعینات تھے۔

لیفٹیننٹ جنرل نوید مختار کو کور کمانڈر کراچی کے عہدے سے ہٹانے کے بعد تاحال کوئی نئی ذمہ داری نہیں دی گئی ہے۔

خیال رہے کہ اس وقت فوج میں آرمی چیف کے بعد سب سے اہم عہدہ یعنی چیف آف جنرل سٹاف خالی پڑا ہے کیونکہ اس عہدے پر تعینات لیفٹیننٹ جنرل زبیر حیات کو ترقی دے کر چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف بنا دیا گیا تھا۔

متعلقہ عنوانات

اسی بارے میں