پاکستان: تین ماہ کی خشک سالی کے بعد پہلی بارش

تصویر کے کاپی رائٹ EPA
Image caption محکمہ موسمیات کے مطابق مغرب سے آنے والی ہوائیں حالیہ بارش کی وجہ بنی

پاکستان میں گذشتہ تین ماہ سے جاری طویل خشک سالی کے بعد اسلام آباد سمیت ملک کے بالائی علاقوں میں موسم سرما کی پہلی بارش اور برف باری ہوئی ہے۔

بدھ کو خیبر پختونخوا کے بالائی علاقوں میں 30 سے 40 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی جبکہ اسلام آباد راولپنڈی میں اوسطً دس ملی میٹر بارش ہوئی۔

٭ مری میں برفباری اور دیگر علاقوں میں بارش

اسلام آباد میں محکمۂ موسمیات کے ڈائریکٹر محمد حنیف نے بی بی سی کو بتایا کہ گذشتہ موسمیاتی پیٹرن النینو کے سبب موسم سرما کی بارشیں متاثر ہوئی ہیں۔

محکمہ موسمیات کے مطابق مغرب سے آنے والی ہوائیں حالیہ بارش کی وجہ بنی، یہ موسمیاتی سسٹم دو روز قبل یورپ، ایران اور افغانستان سے ہوتا ہوا پاکستان میں داخل ہوا۔

برف باری اور بارش کے بعد سردی کی شدت بڑھنے کا امکان جبکہ محکمۃ موسمیات نے رواں ماہ ایک اور بارش کی پیشن گوئی کی ہے۔

محمکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ پنجاب اور سندھ میں دھند برقرار رہی گی لیکن اس کی شدت میں کمی آئے گی۔

یاد رہے کہ موسمیاتی پیٹرن النینو کے اثرات کی وجہ سے پاکستان، سمیت جنوبی ایشیا اور مشرق وسطیٰ کے ممالک متاثر ہوئے ہیں۔

پاکستان میں گذشتہ چند ماہ سے جاری خشک سالی کے سبب فضائی آلودگی میں اضافہ ہوا تھا جس سے مختلف موسمیاتی بیماریوں کی شرح بڑھ گئی تھی جبکہ خشک سالی کے سبب بارانی علاقوں میں گندم کی فضل بری طرح متاثر ہوئی تھی۔

ماہرین کا کہنا تھا کہ موسم سرما میں بارش اور پہاڑی علاقوں میں برف باری نہ ہونے کے سبب آبی ذخائر میں پانی کی سطح بھی تیزی سے کم ہو رہی تھی۔

تصویر کے کاپی رائٹ AP
Image caption مری میں برفباری کی وجہ سے ٹریفک کی آمد و رفت بھی متاثر ہویی ہے

محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ تین ماہ کی خشک سالی کے بعد شمالی علاقوں اور خیبر پختونحوا کے پہاڑی علاقوں میں اوسطً ایک سے ڈیڑھ فٹ برف پڑی ہے جبکہ مری اور گلیات کے علاقوں میں اوسطً آدھا فٹ برف باری ہوئی۔

ڈائریکٹر محمد حنیف کے مطابق ملک میں حالیہ بارش اور برف باری کا سلسلہ مزید دو دن تک جاری رہے گا اور جمعرات کو اسلام آباد میں وقفے وقفے سے بارش ہو گی جبکہ جمعے کو شمالی علاقوں میں برف باری کی توقع ہے۔

اسی بارے میں