’کیسا باپ ہے جو بچوں کو سامنے لا رہا ہے‘

بلاول زرداری تصویر کے کاپی رائٹ Getty Images

پیپلز پارٹی کے سربراہ بلاول بھٹو زرداری نے وزیراعظم نواز شریف پر نکتہ چینی کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ کیسے باپ ہیں جو خود کو بچانے کے لیے اپنے بچوں کو سامنے لا رہے ہیں۔

بلاول بھٹو زرداری نے یہ بات پنجاب کے شہر فیصل آباد میں ایک جلسے سے خطاب کے دوران کہی۔

پیپلز پارٹی کے چیئرمین نے حکومت مخالف تحریک کا آغاز کرتے ہوئے پنجاب کے صوبائی دارالحکومت لاہور سے فیصل آباد تک جلوس نکالا۔

بلاول بھٹو زرداری کے مطابق لاہور سے فیصل آباد تک جلوس ان کی حکومت مخالف تحریک کا پہلا مرحلہ ہے۔

٭’زرداری کا مستقبل بلاول ہے‘

٭چار مطالبات پورے نہ ہوئے تو لانگ مارچ: بلاول

٭ ملک کا اگلا وزیراعظم بنوں گا: بلاول بھٹو زرداری

پیپلز پارٹی کی حکومت مخالف تحریک کے لیے جلوس بلاول ہاؤس لاہور سے شروع ہوا اور فیصل آباد ضلع کونسل چوک میں ختم ہوا۔

بلاول بھٹو زرداری نے جلوس کے راستے میں مختلف مقامات پر کارکنوں سے خطاب کیا اور شریف برادران یعنی وزیر اعظم نواز شریف اور ان کے بھائی وزیر اعلی پنجاب شہباز شریف پر کڑی تنقید کی۔

2013 کے انتخابات کے بعد یہ پہلا موقع ہے جب حکومت مخالف تحریک کے لیے اس طرح کی سیاسی سرگرمیوں کی گئی ہیں اور طویل عرصے کے بعد حکومت کے خلاف ایک شہر سے دوسرے شہر تک جلوس نکلا ہے۔

بلاول بھٹو زرداری نے گذشتہ برس نومبر میں اعلان کیا تھا کہ وہ صوبہ پنجاب کے صوبائی دارالحکومت لاہور میں قیام کر کے یہاں سے سیاست کریں گے۔

جلوس کے اختتام پر بلاول بھٹو زرداری نے خطاب میں کہا کہ ملک کے ادارے دوستوں میں بانٹے جا رہے ہیں۔ ان کے بقول یہ کیسی ترقی ہے 'جو صرف جاتی امرا میں ہی نظر آتی ہے؟'

پیپلز پارٹی کے سربراہ نے کہا کہ شریف فیملی کی مِلیں تو ترقی کر رہی ہیں لیکن ان میں کام کرنے والے مزدوروں میں کوئی تبدیلی نہیں آ رہی۔

بلاول کے بقول نوازشریف نے عوام کی امیدوں کا قتل کیا ہے۔ انھوں نے لاہور کے علاقے ماڈل ٹاؤن میں عوامی تحریک کے کارکنوں کی ہلاکت کا بھی ذکر کیا۔

بلاول نے وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف پر بھی شدید نکتہ چینی کی اور کہا کہ شہباز شریف کی تعلیم، صحت اور امن وامان کے بارے میں پالیسیاں ناکام ہو گئی ہیں۔

انھوں نے افسوس کا اظہار کیا کہ موجودہ حکمرانوں نے مزدوروں اور کسانوں کے لیے کچھ نہیں کیا۔

پیپلز پارٹی کے سربراہ نے دعوٰی کیا کہ شہباز شریف اب وزیر اعظم بننے کے خواب دیکھے رہے ہیں۔

بلاول نے جلسے کے دوران وزیر اعظم کے خلاف نعرے بھی لگائے۔

متعلقہ عنوانات

اسی بارے میں