’انڈیا فورسز کی بلا اشتعال فائرنگ، پاکستانی فوج کی جوابی کارروائی‘

تصویر کے کاپی رائٹ Getty Images

پاکستان فوج کا کہنا ہے کہ انڈین فوج کی جانب سے لائن آف کنٹرول کے قریب ایک بار پھر بلااشتعال فائرنگ کی گئی جس کا بھرپور جواب دیا گیا۔

اتوار کو فوج کے شعبۂ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری ہونے والے ایک بیان کے مطابق انڈین فورسز نے لائن آف کنٹرول کے قریب خنجر سیکٹر پر بلااشتعال فائرنگ کی جس کے ردعمل میں پاکستان فوج کی طرف سے جوابی کارروائی کی گئی۔

بیان کے مطابق انڈین فورسز نے اس کارروائی میں آر پی جی اور آٹومیٹک گرینیڈ لانچر کا استعمال کیا۔

یاد رہے کہ پاکستان اور انڈیا کے تعلقات میں 18 ستمبر کو ہونے والے اوڑی حملے کے بعد سے کشیدگی میں بہت اضافہ دیکھنے میں آیا تھا۔

انڈیا کے زیر انتظام کشمیر میں بریگیڈ ہیڈ کوارٹر پر حملے میں 18 فوجیوں کی ہلاکت کا الزام نئی دہلی کی جانب سے اسلام آباد پر عائد کیا گیا تھا، جسے اسلام آباد نے سختی سے مسترد کردیا تھا۔

اس کے بعد انڈیا کی جانب سے پاکستان میں سرجیکل سٹرائیکس کرنے کا دعوی بھی کیا گیا تھا جسے پاکستان فوج نے مسترد کر دیا تھا۔

اپنے ایک حالیہ انٹرویو میں انڈین آرمی چیف جنرل بپن راوت نے کہا تھا کہ ’فوج کا کام سرحد پر امن اور سکون قائم رکھنا ہے، لیکن انڈین فوج کبھی بھی اپنے زورِ بازو کا مظاہرہ کرنے سے گریز نہیں کرے گی۔‘

خیال رہے کہ رواں ماہ کے آغاز پر پاکستانی فوج کے نئے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ نے لائن آف کنٹرول پر اگلے مورچوں کا دورہ بھی کیا تھا، فوج کے شعبہ تعلقات عامہ سے جاری کیے جانے والے ایک بیان کے مطابق اس موقعے پر آرمی چیف کو انڈین آرمی کی جانب سے ایل او سی کی خلاف ورزی اور پاکستانی فوج کی جوابی کارروائیوں سے متعلق بریفنگ بھی دی گئی تھی۔

متعلقہ عنوانات

اسی بارے میں