بلوچستان: گڈانی شپ بریکنگ یارڈ میں آئل ٹینکرز، ایل پی جی کنٹینرز کی کٹائی پر تاحکم ثانی پابندی عائد

تصویر کے کاپی رائٹ Reuters

پاکستان کے صوبہ بلوچستان کے وزیر اعلیٰ نواب ثنا اللہ زہری نے فوری طور پر گڈانی شپ بریکنگ یارڈ میں آئل ٹینکرز اور ایل پی جی کنٹینرز کی کٹائی پر تاحکم ثانی پابندی عائد کرنے کی ہدایت جاری کر دی ہے۔

جمعرات کو جاری ہونے والے ایک سرکاری اعلامیہ کے مطابق وزیر اعلیٰ نے یہ ہدایت کوئٹہ میں منعقدہ ایک اعلیٰ سطح کے اجلاس کے دوران دی۔

گڈانی کراچی کے قریب بلوچستان کا ساحلی علاقہ ہے جہاں پاکستان کی واحد اور ایشیا کے بڑے شپ بریکنک انڈسٹریز میں سے ایک واقع ہے۔

اس شپ بریکنگ یارڈ میں گذشتہ سال نومبر اور رواں سال جنوری میں دو ناکارہ آئل اور ایل پی جی ٹینکروں میں آگ لگنے سے 30سے زائد مزدور ہلاک ہوئے تھے۔

اعلامیے کے مطابق آتشزدگی کے حادثات کی روک تھام کے حوالے سے لائحہ عمل مرتب کرنے کے لیے اجلاس میں شپ بریکرز ایسوسی ایشن کے عہدیداروں نے بھی شرکت کی۔

اجلاس میں اس بات سے اتفاق کیا گیا کہ شپ بریکنگ یارڈ میں محنت کشوں کی فلاح وبہبود اورتحفظ کے لیے مناسب انتظامات موجود نہیں۔

وزیر اعلیٰ کی ہدایت کی روشنی میں آئل ٹینکرز اور ایل پی جی کنٹینرز کی کٹائی پر پابندی عائد رہے گی۔ تاہم پہلے سے لنگر انداز آئل ٹینکرز اور ایل پی جی کنٹینرز کی مکمل صفائی کے بعد ان کی کٹائی کی اجازت ہوگی تاکہ آتشزدگی کا خطرہ نہ رہے۔

اجلاس میں گڈانی شپ بریکنگ ریگولیٹری اتھارٹی کے قیام کا فیصلہ کیا گیا جس کے تحت ون ونڈو آپریشن کی سہولت فراہم کی جائے گی

متعلقہ عنوانات

اسی بارے میں