لائن آف کنٹرول: ’بھمبر میں انڈین فائرنگ سے تین پاکستانی فوجی ہلاک‘

ایل او سی تصویر کے کاپی رائٹ AP

پاکستان فوج کے شعبۂ تعلقاتِ عامہ کا کہنا ہے کہ پیر کو ضلع بھمبر کے تھوب سیکٹر میں لائن آف کنٹرول پر انڈین فوج کی فائرنگ سے زخمی ہونے والے تینوں پاکستانی فوجی ہلاک ہو گئے ہیں۔

ان فوجیوں کے نام نائیک غلام رسول، نائیک عمران ظفر اور سپاہی امام بخش بتائے گئے ہیں۔

آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری کیے گئے بیان کے مطابق پاکستانی فوج نے بھی انڈین فوج کی فائرنگ کا مؤثر جواب دیا جس سے انڈین فوجیوں کی ہلاکت کی بھی اطلاعات ہیں۔

تاہم بیان میں مبینہ طور پر ہلاک ہونے والے انڈین فوجیوں کی تعداد کے بارے میں کچھ نہیں کہا گیا۔

گذشتہ برس انڈیا کے زیرِ انتظام کشمیر کے اوڑی میں واقع فوجی کیمپ پر حملے کے بعد سے دونوں ملکوں کے درمیان لائن آف کنٹرول پر کشیدگی میں بےحد اضافہ ہوا ہے۔

اس دوران فائرنگ کے دو طرفہ تبادلے میں متعدد سکیورٹی اہلکار اور عام شہری مارے جا چکے ہیں۔

24 نومبر 2016 کو پاکستانی فوج کے مطابق کشمیر میں لائن آف کنٹرول کے قریب انڈین فوج کی فائرنگ سے تین فوج اہلکار اور سات شہری ہلاک جبکہ 11 افراد زخمی ہو گئے تھے۔

پاکستان اور انڈیا دونوں ایک دوسرے پر بلااشتعال فائرنگ اور سیز فائر معاہدے کی خلاف ورزی کے الزامات لگاتے رہے ہیں۔

متعلقہ عنوانات

اسی بارے میں