34 سال سے پاکستان میں مقیم سماجی کارکن مورین لائنز چل بسیں

لائنز تصویر کے کاپی رائٹ Janus Khan
Image caption مورین لائنز کی عمر 80 سال پانچ ماہ تھی اور اپنی عمر کے 34 سال انھوں نے پاکستان میں گزارے

پاکستان کے انتہائی پسماندے ضلع چترال میں کیلاش قبیلے کی فلاح کے لیے زندگی وقف کرنے والی برطانوی خاتون مورین لائنز 80 سال کی عمر میں پشاور میں انتقال کر گئی ہیں۔

پشاور میں بی بی سی نامہ نگار عزیز اللہ خان کے مطابق مورین لائنز کی آخری رسومات اتوار کو پشاور کے گورا قبرستان میں ادا کر دی گئیں۔

مورین لائنز سنہ 1982میں چترال کے علاقے بھمبوریت آئیں جہاں کیلاش قبیلہ آباد ہے اور پھر مستقل طور پر یہیں کی ہو کر رہ گئیں۔

مورین لائنز چند ماہ سے بیمار تھیں اور گذشتہ شب ان کی طبعیت زیادہ خراب ہوئی تو پشاور کے نجی ہسپتال پہنچایا گیا جہاں وہ دم توڑ گئیں۔ گورا قبرستان میں آخری رسومات کے وقت وہ دو خاندان موجود تھے جن کے پاس مورین لائنز چترال اور پشاور میں رہتی تھیں۔

مورین لائنز 1980 میں پاکستان آئیں اور پھر واپس برطانیہ چلی گئیں جہاں انھوں نے نرسنگ کی تربیت حاصل کی اور پھر 1982 میں واپس آئیں تاکہ چترال کے ان نظر انداز لوگوں کی خدمت کرسکیں جنھیں صحت کی سہولیات دستیاب نہیں ہیں۔

مورین لائنز کے سیکریٹری جانس خان نے بی بی سی کو بتایا کہ ایسی شخصیت انھوں نے نہیں دیکھی جو صرف انسانیت کی خدمت پر یقین رکھتی تھیں۔

ان کا کہنا تھا اگر چترال کے علاقے میں کوئی بیمار ہوتا اور وہاں اس کا علاج نہیں ہو پاتا تھا تو وہ اسے اپنے خرچ پر علاج کے لیے پشاور لاتیں، یہاں ان کا علاج کرایا جاتا اور پھر واپس انھیں چترال لے جایا جاتا۔

Image caption مورین لائنز کی آخری رسومات اتوار کو پشاور کے گورا قبرستان میں ادا کر دی گئیں

ان کا کہنا تھا کہ مورین لائنز بنیادی طور پر چترال میں طب کے حوالے سے کام کرتی رہی ہیں لیکن اس کے علاوہ انھوں نے کلچر کے میدان میں کام کیا ہے۔

مورین لائنز گرمیوں میں چترال اور سردیوں میں پشاور میں قیام کرتی تھیں۔

خیبر پختونخوا میں محکمہ آثار قدیمہ میں کام کرنے والی کیلاش قبیلے کی ایک خاتون نے بتایا کہ مورئنز لائن چترال میں آثار قدیمہ کے تحفظ کے لیے بھرپور جدو جہد کی اور انھوں نے اس بارے میں ہر جگہ آواز اٹھائی ۔ انھوں نے کہا کہ وہ خود اس سکول میں پڑھتی رہی ہیں جو مورین لائنز نے ان کے علاقے میں قائم کیا تھا اور آج وہ ایک اہم محکمے میں اچھی ملازمت کر رہی ہیں تو اس کا سہرا بھی مورین لائنز کے سر ہے۔

مورین لائنز کی عمر 80 سال پانچ ماہ تھی اور اپنی عمر کے 34 سال انھوں نے پاکستان میں گزارے۔ ان کے قریبی لوگوں کا کہنا ہے کہ مورین لائنز کا کہنا تھا کہ وہ انسانیت کی خدمت کر رہی ہیں۔

اسی بارے میں