سرگودھا کے دربار میں 20 افراد کا قتل

ہلاک ہونے والوں کے رشتے دار تصویر کے کاپی رائٹ EPA
Image caption متولی نے مبینہ طور پر اپنے ساتھیوں کے ساتھ مل کر 20 افراد کو ہلاک کر دیا

پاکستان کے صوبہ پنجاب کے ضلع سرگودھا میں ایک دربار کے متولی نے مبینہ طور پر اپنے ساتھیوں کے ساتھ مل کر کم از کم 20 افراد کو قتل کر دیا ہے۔

اس واقعے میں متعدد افراد زخمی بھی ہوئے ہیں۔

پولیس کے مطابق دربار کے متولی نے نشہ آور دوا اور تشدد کے ذریعے ان افراد کو قتل کیا ہے۔

٭سیہون دھماکے کے بعد ’ 100 سے زیادہ شدت پسند ہلاک‘

٭پاکستان میں مزاروں پر حملوں کی تاریخ

پولیس کی اطلاعات کے مطابق یہ واقعہ سرگودھا کے مضافاتی علاقے چک نمبر95 شمالی میں واقع ایک درگاہ دربار مستی سرکار چوہدری علی محمد قلندر میں پیش آیا۔

واقعے کے بعد زخمیوں کو ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔

بی بی سی سے گفتگو میں تھانہ صدر سرگودھا میں ڈیوٹی پر موجود پولیس اہلکار محمد احسان نے بتایا کہ ’ان افراد کو قتل کرنے کا سلسلہ جمعے کی رات سے شروع ہوا تاہم پولیس کو سنیچر کی شب اطلاع ملی۔‘

انھوں نے بتایا کہ مقتولین کو چھریوں اور چاقو کے وار کر کے قتل کیا گیا۔

’جیسے ہی مرید دربار میں متولی کے پاس پہنچتے تھے وہ انھیں نشہ آور دوائی پلاتا تھا، متولی کا نام عبدالوحید ہے جو تین ساتھیوں سمیت گرفتار ہے اور اس سے تفتیش جاری ہے۔‘

تصویر کے کاپی رائٹ AFP
Image caption دربار میں وہ کمرہ جہاں قتل کیے گئے تھے

مقامی میڈیا پر دکھائی جانے والی فوٹیج کے مطابق چند مقتولین کا پوسٹ مارٹم مکمل کر لیا گیا ہے اور انھیں لواحقین کے حوالے کیا جا رہا ہے۔

علاقے میں پولیس کی جانب سے تفتیش کا عمل ابھی جاری ہے۔

جائے وقوعہ پر موجود ایک پولیس اہلکار نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا کہ ’تمام ہلاک شدگان مرید تھے جن میں تین عورتیں اور 17 مرد شامل ہیں۔‘

انھوں نے بتایا کہ یہ گاؤں کا ایک چھوٹا سا دربار ہے جس کے پیر کا انتقال تین سال قبل ہوا تھا۔

متولی عبدالوحید کے بارے میں اطلاعات ہیں کہ وہ ایک سابق سرکاری افسر ہیں اور ابتدائی اطلاعات کے مطابق وہ پنجاب الیکشن کمیشن میں تعینات تھے۔

عبدالوحید نے دورانِ تفتیش پولیس کو بتایا ہے کہ ’مریدوں کو اس شک میں قتل کیا ہے کہ وہ انھیں زہر دینے کی سازش میں ملوث تھے۔‘

بتایا گیا ہے کہ مقتولین میں سابقہ پیر کا بیٹا بھی شامل ہے۔

تصویر کے کاپی رائٹ EPA
Image caption ضلع سرگودھا میں واقع دربار جہاں کے متولی نے اپنے ساتھیوں کی مدد سے 20 افراد کو قتل کر دیا

اسی بارے میں