’پاکستانی فوج بھی پاناما کیس کے انصاف اور میرٹ پر فیصلے کی منتظر ہے‘

تصویر کے کاپی رائٹ Samaa

پاکستانی فوج کا کہنا ہے کہ ہر پاکستانی کی طرح فوج بھی پاناما کیس کے انصاف اور میرٹ پر فیصلے کی منتظر ہے۔

پاکستانی فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے ڈائریکٹر جنرل میجر جنرل آصف غفورنے ٹویٹ میں کہا ہے کہ 'برطانیہ میں پاناما کے سوال پر میرا جواب سیاق و سباق سے ہٹ کر پیش کیا گیا، جبکہ ہر پاکستانی کی طرح پاکستانی فوج بھی پاناما کیس کے انصاف اور میرٹ پر فیصلے کی منتظر ہے۔'

یاد رہے کہ چند روز قبل ایک خبر میں کہا گیا تھا کہ 'پاکستانی فوج پاناما کیس سے متعلق جو بھی فیصلہ ہوا اس کو قبول کرے گی، جبکہ اس سے کوئی فرق نہیں پڑتا کہ فیصلہ کیا آتا ہے۔'

آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ ان دنوں برطانیہ کے دورے پر ہیں، جہاں میجر جنرل آصف غفور بھی ان کے ہمراہ ہیں جنہوں نے چند روز قبل وہاں میڈیا کو بریفنگ بھی دی تھی۔

یاد رہے کہ 23 فروری کو سپریم کورٹ میں پاناما لیکس پر درخواستوں کی سماعت مکمل ہوگئی تھی اور جسٹس آصف کھوسہ کی سربراہی میں قائم پانچ رکنی لارجر بنچ نے کیس کا فیصلہ محفوظ کرلیا تھا۔

جسٹس آصف کھوسہ کا کہنا تھا کہ فیصلے کا کوئی شارٹ آرڈر جاری نہیں ہوگا، بلکہ تفصیلی فیصلہ ہی جاری کیا جائے گا۔

تصویر کے کاپی رائٹ Twitter

ان کا مزید کہنا تھا کہ کیس کا فیصلہ مناسب وقت پر سنایا جائے گا اور 20 سال کے بعد بھی لوگ کہیں گے کہ یہ فیصلہ قانون کے عین مطابق تھا۔

متعلقہ عنوانات

اسی بارے میں