مشال قتل: آٹھ ملزمان کی عدالت میں پیشی، تیرہ افراد اب تک گرفتار

پاکستان تصویر کے کاپی رائٹ EPA
Image caption عبدالولی خان یونیورسٹی میں پولیس طالبعلم کے قتل کے بعد تلاشی لے رہی ہے

مردان کی عبدالولی خان یونیورسٹی میں طالبعلم کو تشدد کر کے ہلاک کرنے کے واقعے میں پولیس نے اب تک تیرہ نامزد افراد کو گرفتار کیا ہے جن میں یونیورسٹی کے چار ملازم بھی شامل ہیں۔

پولیس نے سنیچر کو ان آٹھ افراد کو عدالت میں پیش کیا جنہیں گزشتہ روز گرفتار کیا گیا تھا۔ عدالت نے ملزمان کو چار روزہ ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کر دیا ہے۔

پولیس حکام کے مطابق اس واقعہ کی تفتیش جاری ہے اور اس حوالے سے تفتیشی ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں۔ مردان پولیس کے مطابق سی سی ٹی وی کیمروں اور ویڈیوز کے ذریعے سپیشل آپریشن اور ٹیکنیکل ٹیموں نے مزید ملزمان کی شناخت کی ہے جن میں سے پانچ کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔

اگر اگر اگر

مقامی امام نے مشال کی نماز جنازہ پڑھانے سے انکار کیا تھا

توہین مذہب کے الزام پر طالبعلم کا قتل، آٹھ ملزمان گرفتار

پولیس نے بتایا ہے کہ مشال خان کی پوسٹ مارٹم رپورٹ موصول ہو گئی ہے جس میں کہا گیا ہے کہ گولی لگنے سے موت واقع ہوئی ہے۔

بی بی سی کے نامہ نگار عزیز اللہ کے مطابق مردان کے ضلعی ناظم حمایت اللہ مایار نے کہا ہے کہ پولیس بے گناہ افراد کو حراست میں نہ لے۔

ان کا کہنا تھا کہ امن و امان کی ذمہ داری اب ضلعی انتظامیہ یا ناظمین کے پاس نہیں بلکہ ضلعی پولیس افسر کے پاس ہے۔ انھوں نے کہا کہ اب کوششیں جاری ہیں کہ یونیورسٹی بھی جلد از جلد دوبارہ کھولی جائے تاکہ تدریسی عمل شروع کیا جا سکے۔

واضح رہے کہ عبدالولی خان یونیورسٹی میں دو روز قبل مشتعل ہجوم نے شعبہ صحافت کے طالبعلم مشال خان کو توہین مذہب کے الزام میں قتل کر دیا تھا۔ تشدد کے اس واقعے میں دو طالبعلم زخمی ہوئے تھے جنھیں ہسپتال پہنچا دیا گیا تھا۔ اس واقعہ کے بعد یونیورسٹی غیر معینہ مدت کے لیے بند کر دی گئی تھی۔ یونیورسٹی انتطامیہ کے مطابق انھیں ایسا کوئی علم نہیں تھا کہ یونیورسٹی میں اس بارے میں کشیدگی پائی جاتی ہے۔

متعلقہ عنوانات

اسی بارے میں