’پشاور میں افغان طالبان رہنما ہلاک‘

Afghan Taliban تصویر کے کاپی رائٹ Afghan Taliban

شدت پسند تنظیم دولت اسلامیہ نے پاکستان کے صوبہ خیبرپختونخوا کے دارالحکومت پشاور میں ایک افغان طالبان رہنما کو ہلاک کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔

صحافی طاہر خان کے مطابق افغان طالبان نے تصدیق کی ہے کہ ان کے ایک مرکزی رہنما مولوی داؤد کو پشاور کے قریب قتل کر دیا گیا ہے۔

افغان طالبان ذرائع کا کہنا ہے کہ مولوی داؤد کی گاڑی پر پشاور کے قریب پندو روڈ پر جمعرات کی رات کو فائرنگ کی گئی جس سے وہ اور اس کا ڈرائیور موقع پر ہلاک ہوگئے اور ایک اور شخص زخمی ہوا۔

ایک طالبان اہلکار کا کہنا ہے کہ مولوی داؤد گروپ کے اہم راہنماؤں میں سے تھے اور افغان میڈیا ماضی میں مولوی داؤد کو پشاور شوریٰ کا رکن بھی بتاتا رہا ہے۔

شدت پسند تنظیم دولت اسلامیہ کی جانب سے اس واقعے کی ذمہ داری قبول کی گئی تاہم ان کی جانب سے ہلاک کیے گئے افغان طالبان رہنما کا نام ظاہر نہیں کیا گیا۔

تصویر کے کاپی رائٹ Twitter

واضح رہے کہ جمعے کو افغانستان میں طالبان نے موسمِ بہار کی کارروائیوں کے آغاز کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ اپنے حملوں میں غیرملکی افواج اور ان کے حامیوں کو نشانہ بنائیں گے۔

افغان طالبان ذرائع کا کہنا ہے کہ چند روز قبل اسی مقام پر مولوی داؤد کے ایک اور قریبی ساتھی کو نامعلوم افراد نے قتل کیا تھا۔

مولوی داود افغان طالبان کے پہلے راہنما نہیں جو پاکستان میں قتل ہوئے ہیں۔ گذشتہ سال مشرقی صوبے ننگرہار کے لیے طالبان کے نامزد گورنرمولوی میر احمد گل ہاشمی اور سنہ 2015 میں سابق طالبان وزیر مولوی عبدالرقیب بھی پشاور میں قتل کر دیے گئے تھے۔

متعلقہ عنوانات

اسی بارے میں