پانی پینے پر تین ماہ قید لیکن دہشت گردی پر۔۔۔

تصویر کے کاپی رائٹ Twitter

پاکستان میں سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے مذہبی امور نے اسلامی مہینے رمضان سے قبل ایک ترمیمی بلِ پاس کیا ہے جس ک تحت ماہ رمضان میں سرِ عام کھانے پینے کی خلاف ورزی کرنے والوں پر جرمانہ بڑھانے کی سفارش کی گئی ہے۔

تصویر کے کاپی رائٹ Twitter

پاکستان کی سیاسی جماعت پیپلز پارٹی کی سابق سربراہ بینظر بھٹو کی بیٹی بختاور بھٹو نے احترامِ رمضان آرڈینیس میں کی جانے والی ترمیم کے پاس ہونے کے بعد ٹویٹر پر اپنے پیغام میں کہا کہ ’اس مضحکہ خیز قانون کے تحت لوگ ہیٹ سٹروک، جسم میں پانی کی وجہ سے مریں گے۔۔ ہر کوئی یہ نہیں کر سکتا۔ یہ اسلام نہیں ہے۔‘

تصویر کے کاپی رائٹ Twitter

لیکن اس ٹوئٹ کے بعد بختاور بھٹو کو چند وضاحتی ٹوئٹس بھی کرنا پڑیں جن میں انھوں نے کہا کہ پاکستان میں ہر ایک کا روزہ نہیں ہو گا۔ سکولوں میں بچے، ضعیف اور بیمار۔ کیا ہمیں انھیں پانی پینے پر گرفتار کر لینا چاہیے۔‘

تصویر کے کاپی رائٹ Twitter

بختاور بھٹو کی ان ٹوئٹس پر تنقید بھی دیکھنے کو ملی ایک نجی ٹی وی چینل نے اپنی ویب سائٹ پر لکھا ’بختاور نے احترامِ رمضان ایکٹ کو نامنظور کر دیا۔ تاہم ان کے اس سوال کا جواب کسی نے نہیں دیا کہ رمضان کے دوران پانی پینے پر تین ماہ قید لیکن بحیثیت دہشت گرد سکول کی لڑکی ملالہ پر قاتلانہ حملے کی کوشش کرنے کے بعد آپ ٹی وی پر مسکرا سکتے ہیں۔

اس ٹویٹ میں انھوں نے کالعدم تحریک طالبان پاکستان کے سابق ترجمان احسان اللہ احسان کی جانب اشارہ کیا تھا جن کے انٹرویو اب میڈیا پر پیش کیے جا رہے ہیں۔

تصویر کے کاپی رائٹ Twitter

خیال رہے کہ پاکستان میں احترامِ رمضان آرڈیننس سنہ 1981 میں اس وقت کے حکمراں جنرل ضیا الحق کی حکومت میں بنا تھا۔

اس قانون کے تحت عوامی مقامات پر کوئی بھی شخص جس پر اسلام میں روزہ فرض ہے سرِ عام کوئی بھی چیز کھا یا پی نہیں سکتا۔ اس کی خلاف ورزی کرنے والے کو تین ماہ قید اور 500 روپے جرمانہ ہوگا۔

اسی طرح ہوٹلوں کے مالکان پر بھی پابندی لگائی گئی کہ وہ روزے کے اوقات میں لوگوں کو خوراک فراہم نہ کریں۔

اگرچہ اس آرڈینیس میں ہسپتالوں، مسافروں اور پرائمری سکول کے بچوں کو مستثنیٰ قراردیا گیا تھا۔ تاہم وقت گزرنے کے ساتھ ساتھ یہ دیکھا گیا ہے کہ شہروں میں رویے تبدیل ہوئے ہیں اور اکثر اوقات یہ دیکھا جاتا ہے عوامی مقامات پر اس قانون کی خلاف ورزی کرنے والوں کو زدو کوب کیا جاتا ہے۔